آسام میں کولکاتا-سائرنگ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، چھ ڈبے اور انجن بے پٹری؛ کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع
بدھ کی صبح آسام میں گوہاٹی کے مضافات میں واقع ڈیگارو ریلوے اسٹیشن کے قریب کولکاتا-سائرنگ ایکسپریس کے چھ ڈبے اور انجن پٹری سے اتر گئے۔ عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ اس حادثے میں کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم، نارتھ ایسٹ فرنٹیئر ریلوے (NFR) نے کہا ہے کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور فی الحال کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی فوری اطلاع نہیں ملی ہے۔یہ حادثہ 11 نومبر کو صبح تقریباً 6 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا۔ ٹرین کو آسام کے کامروپ (میٹروپولیٹن) ضلع کے ڈیگارو ریلوے اسٹیشن پر دوسری ٹرین کو ترجیح دینے کے لیے وصول کیا جا رہا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق، لوکو پائلٹ ٹرین کی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکے، جس کے نتیجے میں انجن اور پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
NFR کے ایک ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ”تمام مسافر محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔“تاہم، عینی شاہدین نے دعویٰ کیا کہ کئی مسافروں کو چوٹیں آئی ہیں۔ فی الحال زخمیوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔حادثے کے فوراً بعد راحت اور بچاو¿ کا کام شروع کر دیا گیا۔ ریلوے ٹریک کو صاف کرنے اور امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے ایک ریکوری ٹرین جائے حادثہ پر روانہ کی گئی۔عام آدمی پارٹی (AAP) نے ایک ویڈیو پوسٹ کیا، جس میں مبینہ طور پر ٹرین کے ڈرائیور کو گھبراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا کہ ٹرین کے بریک کام نہیں کر رہے تھے۔ پارٹی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا، ”ریِل وزیر اشونی ویشنو جی، وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح ریِل بنانا بند کیجیے اور حقیقت میں ریلوے کی حفاظت بہتر بنانے کے لیے کام کیجیے۔ آپ کی نااہلی کی وجہ سے آج سائرنگ-کولکاتا ایکسپریس کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ شرم کیجیے!“
NFR کے جنرل منیجر وویک کھارے دیگر سینئر ریلوے افسران کے ساتھ جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزلوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
NFR کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر کپنجل کشور شرما نے کہا، ”11 نومبر کو صبح تقریباً 6 بج کر 54 منٹ پر کولکاتا-سائرنگ ایکسپریس کو آسام کے ڈیگارو ریلوے اسٹیشن پر دوسری ٹرین کو ترجیح دینے کے لیے وصول کیا جا رہا تھا۔ اسی دوران لوکو پائلٹ ٹرین کی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکے، جس کے نتیجے میں بدقسمتی سے ٹرین پٹری سے اتر گئی۔ اس واقعے میں انجن کے ساتھ پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ تمام مسافر محفوظ ہیں اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے ان کی منزلوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ راحت اور بچاو¿ کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ جنرل منیجر سمیت دیگر افسران جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔“
حادثے کے وقت ایکسپریس ٹرین کولکاتا کے چترپور اسٹیشن سے میزورم میں آئزول کے قریب واقع سائرنگ کی جانب جا رہی تھی۔ اسی دوران ڈیگارو کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔
ریلوے حکام نے اگرچہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع سے انکار کیا ہے، تاہم عینی شاہدین کے بیانات سے مسافروں کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فی الحال حادثے کی اصل وجوہات اور نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
آسام میں کولکاتا-سائرنگ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، چھ ڈبے اور انجن بے پٹری؛ کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع...
Source: Admin