کچھ کمی کے باوجود دیوالی کے اگلے دن بھی مغربی بنگال میں تیز آواز والے پٹاخوں کا شور جاری
کالی پوجا کے اگلے دن بھی کولکاتا سمیت مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں تیز آواز والے پٹاخوں کا شور جاری رہا۔ پیر کے روز بھی کولکاتا میں بڑے پیمانے پر پٹاخے پھوڑے گئے۔ رات ہوتے ہی مختلف اضلاع میں بھی پٹاخوں کی آوازیں تیز ہو گئیں۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق اتوار کے مقابلے پیر کو اس میں کچھ کمی ضرور آئی۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری رہا اور ممنوعہ پٹاخے ضبط کیے گئے۔
پیر کی شام ہوتے ہی تیز آواز والے پٹاخوں کے شور سے شہر کے باشندے پریشان ہو گئے۔ رات ساڑھے آٹھ بجے تک کولکاتا میں ممنوعہ پٹاخے جلانے کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے 12 کلو گرام پٹاخے بھی ضبط کیے۔ اس کے علاوہ غیر مہذب رویہ اختیار کرنے کے الزام میں 56 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پیر کی رات ہاوڑہ میں بھی تیز آواز والے پٹاخوں کا شور بڑھ گیا، تاہم اتوار کی رات کے مقابلے میں اس میں کچھ کمی رہی۔ کوچ بہار میں بھی پہلے دن کے مقابلے پٹاخوں کی شدت کم ہوئی، لیکن شام ہوتے ہی مختلف علاقوں میں پٹاخوں کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ سلی گوڑی میں بھی پٹاخوں کے شور سے شہری پریشان رہے۔ شام سے لے کر آدھی رات تک پٹاخے پھوڑنے کا سلسلہ جاری رہا۔
پرولیا شہر کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیہی علاقوں میں بھی تیز آواز والے پٹاخوں کا خوب شور رہا۔ تاہم پیر کے مقابلے اتوار کو پرولیا میں پٹاخوں کی شدت زیادہ تھی۔
ہگلی ضلع کے آرام باغ سب ڈویڑن میں ممنوعہ پٹاخوں پر کسی حد تک قابو دیکھا گیا۔ لیکن چندن نگر پولیس کمشنریٹ کے تحت ڈانکونی، اترپاڑہ، رشیڑا، شری رام پور، بھدریشور، چندن نگر اور چنچوڑہ سمیت تقریباً تمام تھانوں کے علاقوں سے بڑے پیمانے پر ممنوعہ پٹاخے پھوڑے جانے کی شکایات سامنے آئیں۔ آرام باغ سب ڈویڑن کو چھوڑ کر ضلع کے بیشتر علاقوں میں تیز آواز والے پٹاخوں کا سلسلہ بے روک ٹوک جاری رہا۔
دیہی پولیس کے تحت چندی تلا، ہری پال، تارکیشور، مگرا اور سنگور سمیت کئی تھانوں کے علاقوں سے بھی ممنوعہ پٹاخے بڑے پیمانے پر پھوڑے جانے کی شکایات موصول ہوئیں۔
کالی پوجا کے بعد کی رات بھی نادیہ اور مرشد آباد اضلاع میں مقررہ وقت اور آواز کی حد کی پروا کیے بغیر بڑے پیمانے پر پٹاخے پھوڑے گئے۔ مورتیوں کے وسرجن کے دوران مختلف گھاٹوں پر بھی پٹاخوں کا خوب استعمال دیکھا گیا۔
شام ہوتے ہی کرشن نگر، کلیانی، رانا گھاٹ اور شانتی پور جیسے شہروں میں روشنیوں کے ساتھ تیز آواز والے پٹاخوں اور چاکلیٹ بموں کا شور شروع ہو گیا۔ بہرام پور شہر سے لے کر جنگی پور، رگھوناتھ گنج، بیل ڈانگا اور ڈومکل تک رات 10 بجے کے بعد بھی پٹاخوں کا شور کم نہیں ہوا۔
یہاں تک کہ کرشن نگر کے شکتی نگر ضلع اسپتال اور کلیانی کے پ±رسکون رہائشی علاقوں میں بھی لوگوں کو شور سے راحت نہیں ملی، جس کے باعث بزرگ شہریوں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بہرام پور شہر کے مختلف علاقوں میں رات کے وقت دھوئیں کی دھند بھی چھائی رہی۔
اتوار کے بعد پیر کو بھی بردوان میں بڑے پیمانے پر پٹاخے پھوڑے گئے۔ شام ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پٹاخوں کا شور شروع ہو گیا۔ پیر کے روز ضلع کے گ±سکرا، آو¿س گرام، بھاتار، کاٹوا، کالنا اور رائنا سمیت مختلف علاقوں میں قواعد کی پروا کیے بغیر پٹاخے پھوڑے گئے۔ آسنسول میں بھی پیر کے روز پٹاخوں کا خوب شور رہا۔
اطلاعات کے مطابق شمالی 24 پرگنہ میں اتوار کے مقابلے پیر کو تیز آواز والے پٹاخوں کی شدت کم رہی۔ تاہم، بیربھوم کی صورت حال اس سے مختلف تھی۔ وہاں پیر کے روز پٹاخوں کا زیادہ شور نہیں دیکھا گیا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے اس سال بیربھوم میں کم پٹاخے پھوڑے گئے۔
دوسری جانب جلپائی گوڑی ضلع کے مال بازار، بانرہاٹ، گائیرکاٹا، جلپائی گوڑی شہر، دھوپ گڑی سے لے کر مائنا گڑی تک تقریباً ہر علاقے میں ممنوعہ تیز آواز والے پٹاخوں کے شور سے عام لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کچھ کمی کے باوجود دیوالی کے اگلے دن بھی مغربی بنگال میں تیز آواز والے پٹاخوں کا شور جاری...
Source: Admin