راس میلے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نابالغ مزدور کی موت، اہل خانہ کا زبردستی کام کروانے کا الزام
نابالغ کی موت کے بعد فی الحال میلے کو بند کر دیا گیا ہے۔
راس میلے میں جھولے پر کام کرتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک نابالغ مزدور کی موت ہو گئی۔ اس واقعے کے بعد ہاوڑہ کے آندول علاقے میں شدید سنسنی پھیل گئی ہے۔ فی الحال میلے کو بند کر دیا گیا ہے۔ اہل خانہ نے جھولے کے منتظمین پر لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ نابالغ کو زبردستی کام پر لگایا گیا تھا۔ ڈومجور تھانے کی پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
متوفی کی شناخت سورج ساو¿ کے طور پر ہوئی ہے۔ 15 سالہ سورج ہگلی کے شری رام پور کے گھوڑامارا چکل پاڑہ کا رہنے والا تھا۔ وہ رشرہ ہندی اسکول میں نویں جماعت کا طالب علم تھا۔ تقریباً دس سال قبل اس کے والد گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اسی وجہ سے سورج اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ رہتا تھا۔
متوفی نابالغ کے چچا کنڈن ساو¿ کے مطابق، سورج نے رشرہ میں جگدھاتری پوجا کے دوران بھی جھولے پر کام کیا تھا، لیکن اس وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔ اس بار راس میلے میں کام کرنے کے لیے وہ منگل کو آندول آیا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ بدھ کی شام میلے کے دوران ایک جھولے پر کام کرتے وقت بجلی کا کرنٹ لگنے سے نابالغ کی موت ہو گئی۔ اسے فوراً ہاوڑہ ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس واقعے کی تحقیقات ڈومجور تھانے کی پولیس نے شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب متوفی کے چچا کنڈن ساو¿ نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ جھولے کے مالک کیلاش پرساد نے ان کے بھتیجے کو زبردستی گھر سے بلا کر کام پر لگایا تھا۔ نابالغ ہونے کے باوجود اس سے جھولے پر کام کروایا گیا۔
اس کے علاوہ کنڈن ساو¿ کا الزام ہے کہ جھولے کے کاروباری کو الیکٹریشن نے پہلے ہی بجلی کی تاروں میں خرابی کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔ ان کے مطابق، اسی لاپروائی کی وجہ سے ان کے بھتیجے کی جان گئی۔ انہوں نے جھولے کے کاروباری کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تاہم، اب تک جھولے کے مالک کو نہ تو حراست میں لیا گیا ہے اور نہ ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
راس میلے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے نابالغ مزدور کی موت، اہل خانہ کا زبردستی کام کروانے کا الزام...
Source: Admin