نیپال میں سیلاب کے بعد لاپتہ 213 ہندوستانیوں کو ’مردہ‘ قرار دینے کی تیاری!
ان میں سے زیادہ تر لوگوں کا نیپال کے راستے مانسروور جانے کا منصوبہ تھا۔ کچھ لوگ روزگار کی تلاش میں نیپال گئے تھے۔ گزشتہ اگست میں بھوٹے کوشی ندی میں اچانک سیلاب آنے کے بعد سے اب تک 213 ہندوستانیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ کئی دیگر افراد بھی لاپتہ ہیں۔ اب نیپال حکومت نے انہیں مردہ قرار دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ بدھ کے روز کھٹمنڈو میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس بات کی اطلاع دی۔
مانسروور یاترا پر گئی ریاست کی سابق رکن اسمبلی کی اہلیہ شرمشٹھا بھومک رائے بھی نیپال میں اس قدرتی آفت کی زد میں آ گئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد سے ان کے اہل خانہ کا بھی ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔ نیپال حکومت کے اس فیصلے کے بارے میں مکول رائے کے بیٹے شوبھانشو رائے نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ہندوستانی حکومت کا موقف جاننے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کریں گے۔
کھٹمنڈو میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے ایکس اکاو¿نٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس میں نیپال کے قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (NDRRMA) کی جانب سے جاری کردہ لاپتہ ہندوستانیوں کی فہرست شائع کی گئی ہے۔ اس فہرست میں 178ویں نمبر پر سابق مرکزی وزیر مکول رائے کی بہو شرمشٹھا کا نام بھی درج ہے۔
ہندوستانی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ اگر کسی کو اس فہرست میں شامل ناموں پر کوئی اعتراض یا وضاحت پیش کرنی ہے تو وہ سفارت خانے سے رابطہ کر سکتا ہے۔ فہرست میں کسی کا نام شامل کروانے یا کسی کا نام حذف کروانے کے لیے بھی سفارت خانے کو اطلاع دینی ہوگی۔ تاہم اس کے لیے آخری تاریخ 2 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
فہرست میں شامل افراد کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کا موقف سننے کے بعد ہی نیپال حکومت اس فہرست کو حتمی شکل دے گی۔ اس کے بعد ان افراد کو مردہ قرار دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ہندوستانی سفارت خانے کے بیان کے مطابق، نیپال انتظامیہ سے ان ہندوستانی شہریوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیے جائیں گے۔ اس عمل کے دوران اہل خانہ سے مزید کچھ دستاویزات بھی طلب کی جا سکتی ہیں۔
نیپال میں سیلاب کے بعد لاپتہ 213 ہندوستانیوں کو ’مردہ‘ قرار دینے کی تیاری!...
Source: Admin