ساؤ پالو: برازیل میں صدارتی الیکشن میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد صدر لوُلا کامیاب ہو گئے، لولا دا سلوا نے چوتھی بار صدارتی انتخاب جیت لیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق برازیل کے محنت کش طبقے کے محبوب 80 سالہ لُولا نے ڈرامائی سیاسی واپسی کرتے ہوئے چوتھی بار صدارتی انتخاب جیت لیا ہے، اور ٹرمپ کے اتحادی فلاویو بولسونارو کو صدارتی الیکشن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
الیکشن کے پہلے مرحلے میں کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 50 فی صد ووٹ حاصل نہ کر سکا تھا، پہلے مرحلے میں فلاویو نے 47 فی صد اور لُولا نے 45 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے، تاہم انتخاب کے دوسرے مرحلے میں سخت مقابلے کے بعد صدر لوُلا نے کامیابی حاصل کر لی۔
عالمی سطح پر بائیں بازو کی ایک نمایاں شخصیت اور رواں صدی میں برازیل کی سیاست کی سب سے بااثر قوت سمجھے جانے والے لولا دا سلوا نے سابق صدر جائر بولسونارو کے بڑے بیٹے اور سینیٹر فلاویو بولسونارو کو شکست دی۔
یہ غیر متوقع نتیجہ رائے عامہ کے جائزوں، سابقہ انتخابی روایات اور دنیا بھر میں حکمران جماعتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے رجحان کے برعکس سامنے آیا ہے، جس سے لاطینی امریکا میں دائیں بازو کی جماعتوں کی انتخابی کامیابیوں کی لہر کو روکنے میں مدد ملی ہے۔
سینیٹر فلاویو بولسونارو کو حتمی مرحلے میں لولا کے مقابلے میں 40 لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست ہوئی۔ سینیٹر نے کہا کہ وہ اتوار کو سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی بنیاد پر انتخابی نتائج کالعدم قرار دینے کی درخواست کریں گے جس کے تحت ووٹنگ کا وقت دو گھنٹے بڑھا دیا گیا تھا۔
فلاویو بولسونارو کی جانب سے شکست تسلیم کرنے سے انکار پر ان کے والد کے ردعمل کی یاد تازہ ہو گئی، جنھوں نے 2022 میں لولا سے ہارنے کے بعد شکست قبول نہیں کی تھی۔ سابق صدر جھائر بولسونارو نے اپنی شکست کبھی تسلیم نہیں کی اور بعد ازاں اقتدار میں رہنے کے لیے فوجی بغاوت کی سازش کرنے پر انھیں 27 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، فلاویو بولسونارو کو لولا کے ہاتھوں اپنے والد کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ بڑے فرق سے شکست ہوئی ہے۔
لولا کی کامیابی ان کے سیاسی کیریئر میں ایک اور بڑی واپسی کی علامت ہے، جو پہلے بھی کئی بار سیاسی عروج و زوال دیکھ چکے ہیں۔ 80 سالہ لولا کو 2018 سے 2019 تک بدعنوانی کے الزامات میں قید رکھا گیا تھا، تاہم بعد میں یہ الزامات اور ان کے تحت ہونے والی کارروائیاں کالعدم قرار دے دی گئیں، جس سے انھیں 2022 کے انتخابات میں جائر بولسونارو کو شکست دینے کا راستہ ملا۔
ساؤ پالو: برازیل میں صدارتی الیکشن میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد صدر لوُلا کامیاب ہو گئے، لولا دا سلوا نے چوتھی بار صدارتی انتخاب جیت لیا ہے۔...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments