International

ایپسٹین فائلز کا اجرا، امریکی محکمۂ انصاف کے واچ ڈاگ کا تحقیقات کا اعلان

ایپسٹین فائلز کا اجرا، امریکی محکمۂ انصاف کے واچ ڈاگ کا تحقیقات کا اعلان

امریکا کے محکمۂ انصاف کے اندرونی نگراں ادارے آفس آف انسپیکٹر جنرل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے گا کہ آیا حکومت نے مجرم جنسی ملزم جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلز کے اجراء کے قانون پر مکمل عمل درآمد کیا یا نہیں۔ ادارے کے مطابق تحقیقات کا محور ایپسٹین فائلز ٹرانسپرینسی ایکٹ ہو گا، جو نومبر میں منظور کیا گیا تھا اور جس کے تحت محکمۂ انصاف کو ایپسٹین سے متعلق تمام غیر خفیہ ریکارڈ جاری کرنا لازم تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مقصد یہ جانچنا ہے کہ محکمۂ انصاف نے ریکارڈ کی نشاندہی، ترمیم (ریڈیکشن) اور اجراء کے عمل کو کس حد تک قانون کے مطابق انجام دیا۔ قانون کے تحت تمام ریکارڈ کو آسانی سے ڈاؤن لوڈ اور تلاش کے قابل بنانا ضروری تھا، جبکہ ترمیم صرف متاثرین اور حساس معلومات کے تحفظ تک محدود رکھی جانی چاہیے تھی اور اس کے لیے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی ریکارڈ کو شرمندگی، ساکھ کو نقصان یا سیاسی حساسیت کی بنیاد پر نہ روکا جائے گا۔ تاہم ناقدین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے قانون پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا۔ ٹرمپ دور میں محکمۂ انصاف نے کئی مراحل میں فائلز جاری کیں، جن میں سب سے بڑی اشاعت 30 جنوری کو 35 لاکھ صفحات پر مشتمل ریکارڈ کی تھی، جو مقررہ 30 روزہ مدت سے کافی تاخیر سے سامنے آئی۔ ارکانِ کانگریس نے یہ بھی الزام لگایا کہ طاقت ور شخصیات کی شناخت چھپانے کے لیے فائلز میں ضرورت سے زیادہ ترمیم کی گئی، جبکہ متاثرین نے شکایت کی کہ ان کی ذاتی معلومات بھی ظاہر کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019ء میں وفاقی الزامات کا سامنا کرتے ہوئے دورانِ حراست جیل میں مردہ پایا گیا تھا اور اس پر کئی سالوں پر محیط عالمی سطح کے جنسی استحصال کے نیٹ ورک کو چلانے کا الزام تھا۔ اس کے تعلقات بااثر شخصیات سے تھے، جن میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور برطانیہ کے سابق شہزادے پرنس اینڈریو بھی شامل تھے۔ ٹرمپ 2025ء میں دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں، ان کو بھی ایپسٹین سے ذاتی تعلقات کے باعث تنقید کا سامنا ہے۔ ٹرمپ کی انتظامیہ کے بیانات میں تضاد بھی سامنے آیا ہے، جب سابق اٹارنی جنرل پام بوندی نے ایک موقع پر ایپسٹین کلائنٹ لسٹ کی موجودگی کا دعویٰ کیا، مگر بعد میں اس کی تردید کر دی۔ ادھر عوامی دباؤ کے بعد ٹرمپ نے بالآخر اس قانون کی حمایت کرتے ہوئے اسے نافذ کیا، تاہم سرویز کے مطابق عوام کی بڑی تعداد ان کے اقدامات سے مطمئن نہیں۔ تحقیقاتی ادارے کے ایک سروے میں 53 فیصد افراد نے رائے دی کہ ٹرمپ ایپسٹین کے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق اگر حکومت قانون پر عمل درآمد میں ناکام ثابت ہوئی تو اسے قانونی نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ ریپبلکن رکنِ کانگریس تھومس میسی نے عبوری اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچھ کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ مدت میں باقی فائلز جاری کریں، بصورتِ دیگر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments