International

اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے 150 مقامات پر بمباری

اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے 150 مقامات پر بمباری

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لبنان میں حزب اللہ کے 150 سے زائد ٹھکانوں اور جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق جنوبی لبنان اور وادیٔ بقاع میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران حزب اللہ کے مبینہ ''دہشت گرد انفرا اسٹرکچر'' کو ہدف بنایا گیا۔ فضائی حملے صور، النبطیہ اور بقاع کے مختلف علاقوں میں کیے گئے۔ فوج نے کہا کہ حزب اللہ کے مراکز اور اس کی زمینی صلاحیتوں کے خلاف عسکری کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر النبطیہ کے رہائشیوں کو ایک بار پھر انتباہ جاری کرتے ہوئے شہر کے بعض علاقوں کو فوری خالی کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ لبنانی محاذ پر کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کی ترجمان ایلا واویہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صور، النبطیہ اور بقاع میں حزب اللہ کے عناصر اور مبینہ عسکری ڈھانچے کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں جنوبی اور مشرقی لبنان میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ میدانی صورتحال میں ایک نئے موڑ کے تحت لبنانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی لبنان کے علاقے بقاع میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں اس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے، جب لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر فضائی حملوں اور جوابی کارروائیوں میں مسلسل شدت آ رہی ہے۔ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں بقاع اور جنوبی لبنان میں اپنی فضائی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، جہاں اس کے بقول حزب اللہ کے ٹھکانوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا کہ شمالی اسرائیل کے قصبے شلومی کے قریب ایک فوجی علاقے میں کئی بارودی ڈرون دھماکے سے پھٹ گئے، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔یہ پیش رفت ایسے ماحول میں سامنے آئی ہے ،جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحد پار ڈرون حملوں اور گولہ باری کا تبادلہ مسلسل جاری ہے۔ اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر صور اور مشرقی بقاع کے علاقے بریتال پر فضائی حملے کیے، جبکہ لبنانی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنا اور شمالی اسرائیلی علاقوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ حزب اللہ اسرائیل پر لبنان کے اندر جنگ کا دائرہ وسیع کرنے کا الزام عائد کر رہا ہے۔ یہ کشیدگی ایسے وقت بڑھ رہی ہے ،جب امریکا جنوبی لبنان میں جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تنازع ایک بڑی علاقائی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments