باغی ترنمول ارکانِ پارلیمنٹ نے اسپیکر اوم برلا کو جواب جمع کراتے ہوئے این سی پی آئی میں انضمام کا دفاع کیا
این سی پی آئی کی پارلیمانی چیئرپرسن اور باراسات کی رکنِ پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار نے منگل کو کہا کہ تمام 20 ارکانِ پارلیمنٹ نے اپنے جوابات جمع کرا دیے ہیں اور اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔
لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے 20 رکنی باغی گروپ نے، جس نے ممتا بنرجی کی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد تقریباً نامعلوم سیاسی جماعت این سی پی آئی (NCPI) کے ساتھ اتحاد کرلیا تھا، بالآخر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو اپنے جوابات جمع کرا دیے ہیں۔ ان ارکانِ پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اپنی اصل جماعت سے الگ ہونا پارلیمانی اور آئینی اصولوں کے مطابق ہے۔
این سی پی آئی کی پارلیمانی چیئرپرسن اور باراسات کی رکنِ پارلیمنٹ کاکولی گھوش دستیدار نے منگل کو کہا کہ تمام 20 ارکانِ پارلیمنٹ نے اپنے جوابات جمع کرا دیے ہیں اور اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ دَل بدلی مخالف قانون کے تحت نااہلی کی درخواستوں کے سلسلے میں لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے مقرر کردہ آخری تاریخ منگل کو تھی۔ اس سے قبل کئی مرتبہ مہلت میں توسیع کی جا چکی تھی۔
کاکولی گھوش دستیدار نے کہا، ”ہم نے تمام پارلیمانی اور آئینی اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے این سی پی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔“ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام 20 ارکانِ پارلیمنٹ نے الگ الگ جواب داخل کیے ہیں، جن میں سے ہر ایک 25 سے 26 صفحات پر مشتمل ہے۔کچھ ارکانِ پارلیمنٹ نے پیر کو اپنے جوابات جمع کرائے تھے، جبکہ باقی ارکان نے آخری تاریخ پوری کرنے کے لیے منگل کو اپنے جوابات داخل کیے۔
یہ نوٹس ممتا بنرجی کے بھتیجے اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کی جانب سے دائر درخواستوں کے بعد جاری کیے گئے تھے۔ ان درخواستوں میں 20 ارکانِ پارلیمنٹ کو اصل جماعت سے الگ ہونے اور این سی پی آئی کے ساتھ وابستہ ہونے پر نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد سے باغی گروپ کی سرگرمیوں میں قانونی چارہ جوئی، پسِ پردہ حکمتِ عملی اور آئینی امور کے ماہرین سے مشاورت نمایاں رہی ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے اجتماعی طور پر جماعت چھوڑنے کے معاملے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور فوری طور پر نااہلی کی کارروائی شروع کرنے کے مطالبے کے ساتھ باضابطہ عرضی داخل کی تھی۔
اگست کے پہلے ہفتے میں این سی پی آئی کے ارکانِ پارلیمنٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی ناشتے کی میٹنگ کے دوران تصویری سیشن میں کافی خوش نظر آئے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی مواقع پر بنگال کے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری اور بی جے پی کے بنگال سے متعلق اہم رہنماو¿ں بھوپیندر یادو اور نشی کانت دوبے سے بھی ملاقات کی تھی۔ممتا بنرجی کے وفادار اور دم دم کے رکنِ پارلیمنٹ سوگت رائے نے ان جوابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوابات پانچ مرتبہ مہلت میں توسیع اور کارروائی شروع ہونے کے 84 دن بعد جمع کرائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق آخری دن جمع کرائے گئے جوابات میں بنیادی الزام، یعنی رضاکارانہ طور پر پارٹی کی رکنیت چھوڑنے کے معاملے کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، ”ابھیشیک بنرجی نے ان کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ انہوں نے دسویں شیڈول کے تحت شکایت کی ہے۔ اب اس معاملے کی سماعت ہونے دیجیے۔ انہوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔ اب یہ ان کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ انہوں نے ایسا کیوں یا کیسے کیا۔“
اگست کے آخری ہفتے سے باغی گروپ اسپیکر کے دفتر سے بار بار مہلت میں توسیع کی درخواست کر رہا تھا۔ اس کے لیے ریکارڈ جمع کرنے اور اپنی قانونی ٹیم کی مدد سے جامع قانونی جوابات تیار کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیا گیا تھا۔ ممتا بنرجی کے خیمے نے باغی ارکان پر الزام لگایا تھا کہ وہ نااہلی سے بچنے کے لیے وقت حاصل کر رہے ہیں، کیونکہ ان کے پاس کوئی ٹھوس دفاع موجود نہیں ہے۔اب جبکہ جوابات ریکارڈ پر آچکے ہیں، اوم برلا آئین کے دسویں شیڈول کے تحت نااہلی کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے سے پہلے ان جوابات کا جائزہ لیں گے۔این سی پی آئی کے بانکورہ سے رکنِ پارلیمنٹ اروپ چکرورتی نے بھی اپنی جماعت سے الگ ہونے کے فیصلے کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا، ”ہم نے ان سوالات کے جواب دے دیے ہیں جو ہم سے پوچھے گئے تھے۔ ہم نے واضح کیا ہے کہ ہم نے آئین کے کسی بھی اصول کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ہم نے ایک میٹنگ کی تھی۔ ہم ارکانِ پارلیمنٹ نے بیٹھ کر فیصلہ کیا کہ اگر ہمیں اس وقت اپنی تنظیم کو برقرار رکھنا ہے اور عوام کی رائے کا مناسب احترام کرنا ہے تو ہمیں ایک الگ گروپ بنانا چاہیے۔ اس کے بعد ہم نے این سی پی آئی تشکیل دی اور اسپیکر کو اس کی اطلاع دے دی۔“چکرورتی نے مزید کہا، ”ہم این ڈی اے کے ساتھ وابستہ ہیں، مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی حمایت کرتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کے حق میں کھڑے ہیں۔“
این سی پی آئی کے کوچ بہار سے رکنِ پارلیمنٹ جگدیش چندر برما بسونیا نے ستمبر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ این سی پی آئی دراصل ان باغی ارکان کے لیے ایک عارضی ٹھکانہ ہے جو دَل بدلی مخالف قانون سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ترنمول سے این سی پی آئی میں آنے والے 20 میں سے 17 ارکانِ پارلیمنٹ بی جے پی میں باضابطہ شمولیت کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ ان ارکان کو ابتدا ہی سے بی جے پی میں شامل ہونا تھا، لیکن بی جے پی کی جانب سے، جن میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے لے کر شوبھندو ادھیکاری تک کے نام شامل تھے، انہیں فی الحال این سی پی آئی میں رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
باقی تین ارکانِ پارلیمنٹ — جنگی پور کے خلیل الرحمٰن، بہرام پور کے یوسف پٹھان اور مرشد آباد کے ابو طاہر خان — این سی پی آئی گروپ میں واحد مسلم ارکانِ پارلیمنٹ ہیں۔بسونیا نے کہا تھا کہ یہ تینوں بی جے پی میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے، بلکہ این ڈی اے کے حامیوں کے طور پر باہر سے حمایت جاری رکھیں گے۔ انہیں ”اہم ذمہ داریاں یا وزارتیں بھی دی جا سکتی ہیں۔“ممتا بنرجی کے سب سے سرگرم انتخابی مہم چلانے والوں میں شامل بیلے گھاٹا کے رکنِ اسمبلی کنال گھوش نے ایک بار پھر ان باغی ارکان کو ”بے اصول گرگٹ“ قرار دیا اور کہا کہ موقع پرستی کا ان کا نقاب اتر چکا ہے۔
باغی ترنمول ارکانِ پارلیمنٹ نے اسپیکر اوم برلا کو جواب جمع کراتے ہوئے این سی پی آئی میں انضمام کا دفاع کیا...
Source: Admin