International

امریکہ، ایران مذاکرات نے حتمی معاہدے کے لیے بہترین بنیاد رکھ دی ہے: جے ڈی وینس

امریکہ، ایران مذاکرات نے حتمی معاہدے کے لیے بہترین بنیاد رکھ دی ہے: جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے اور ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک ’بہترین بنیاد‘ فراہم کر دی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وسطی سوئٹزرلینڈ کے پرفضاء ریزورٹ ’برگن اسٹاک‘ میں اتوار سے شروع ہونے والے اور رات گئے تک جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے بعد پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا ’ہم نے ایک کامیاب حتمی معاہدے کے لیے بہت مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔‘ انہوں نے سفارتی عمل کو ایک استعارے کے ذریعے سمجھاتے ہوئے کہا ’حتمی معاہدہ ایک مکمل مکان کی مانند ہے۔ ابھی ہم نے صرف اس مکان کی بنیاد رکھی ہے، پورا مکان تعمیر نہیں کیا لیکن ہم نے ایک ایسی کامیاب بنیاد ضرور رکھ دی ہے جو امریکی عوام کے لیے ایک بہترین نتیجے کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔‘ امریکی نائب صدر نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ابھی سفارتی محاذ پر طویل سفر باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اب تک کتنا بڑا کام انجام دیا جا چکا ہے لیکن ایمانداری کی بات یہ ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔‘ ان کے مطابق دونوں ممالک کو جوہری اور اقتصادی امور پر جاری مذاکرات میں مزید پیش رفت کرنی ہے جبکہ آبنائے ہرمز کو مائنز (بارودی مواد) سے پاک کرنے اور وہاں بحری ٹریفک کی روانی کو پہلے کی طرح بحال رکھنے کے لیے مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جے ڈی وینس نے پرامید لہجے میں کہا کہ ’بہت زیادہ پیش رفت ہو چکی ہے لیکن کچھ کام اب بھی باقی ہے اور ہم اس کام کو مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تزویراتی لحاظ سے اہم ترین بحری گزرگاہ ’آبنائے ہرمز‘ اب کھل چکی ہے اور وہاں سے خام تیل اور قدرتی گیس کے لاکھوں بیرل گزر رہے ہیں جو اس سے پہلے (جنگ کی وجہ سے) رکے ہوئے تھے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر امریکی نائب صدر نے بتایا کہ وہ اب امریکہ واپس روانہ ہو رہے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ برگن اسٹاک میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ’تکنیکی سطح پر‘ بات چیت کا سلسلہ آئندہ آنے والے دنوں اور ہفتوں تک بدستور جاری رہے گا۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments