کولکاتا کے ایس آر ایف ٹی آئی میں پھر کشیدگی، انتظامی عمارت کے باہر سے پولیس نے احتجاجی اسٹیج ہٹایا، طلبہ اور پولیس اہلکاروں میں جھڑپ
ستمبر میں کیمپس کے اندر آر ایس ایس سے وابستہ ایک تنظیم کے ارکان کے ساتھ تصادم کے دوران مبینہ حملوں کے بعد طلبہ نے یہ عارضی اسٹیج بنایا تھا۔
کولکاتا کے ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویڑن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی) میں ہفتہ کو ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو گئی۔ پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے انتظامی عمارت کے باہر احتجاج کرنے والے طلبہ کی جانب سے بنایا گیا عارضی اسٹیج ہٹا دیا، جس کے بعد مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔
حکام کے مطابق، ہفتہ کی صبح ادارے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ ادارے کے مرکزی دروازے کے باہر لوہے کی بیریکیڈنگ بھی کی گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ عارضی اسٹیج کو ہٹانے کے دوران احتجاج کرنے والے طلبہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
طلبہ نے 27 ستمبر کو کیمپس میں ایک پروگرام کے دوران آر ایس ایس سے وابستہ تنظیم کے ارکان کے ساتھ تصادم کے درمیان ان پر مبینہ حملوں کے بعد یہ عارضی اسٹیج قائم کیا تھا۔
ادارے نے 19 نومبر کو ایک نوٹس جاری کرکے احتجاج کرنے والے طلبہ کو عارضی اسٹیج ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔
ہفتہ کی صبح جاری کیے گئے ایک بیان میں معروف ادارے نے کہا کہ ”عدالتی مداخلت اور کولکاتا پولیس کے تعاون سے غیر قانونی ڈھانچے کو ہٹا دیا گیا ہے۔“
بیان میں مزید کہا گیا کہ ”اس سے پہلے انتظامیہ نے طلبہ کو یہ ڈھانچہ ہٹانے کے لیے کئی مرتبہ زبانی اور تحریری یاد دہانیاں کرائی تھیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ڈھانچے اور کیمپس میں غیر مجاز سرگرمیوں کے خلاف باضابطہ نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔“
احتجاج کرنے والے ایک طالب علم نے الزام لگایا کہ انہیں کیمپس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مرکزی دروازہ بند کرکے وہاں بیریکیڈ لگا دیے ہیں۔
4 اکتوبر کو طلبہ پر دوسری مرتبہ مبینہ حملے کے بعد ان کا احتجاج مزید تیز ہو گیا تھا۔ مظاہرین وائس چانسلر سنتوش اجمیرا کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اکتوبر کے وسط میں ایس آر ایف ٹی آئی نے وائس چانسلر پر حملہ کرنے اور ان کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں چھ طلبہ کو ادارے سے خارج کر دیا تھا۔ تاہم احتجاج کرنے والے طلبہ نے ان الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ان کا احتجاج پ±رامن رہا ہے۔اس کے بعد ادارے نے تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں اور طلبہ کو کیمپس خالی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بعد میں ادارے کی بندش کی مدت بڑھا کر 11 دسمبر تک کر دی گئی۔
کولکاتا کے ایس آر ایف ٹی آئی میں پھر کشیدگی، انتظامی عمارت کے باہر سے پولیس نے احتجاجی اسٹیج ہٹایا، طلبہ اور پولیس اہلکاروں میں جھڑپ...
Source: Admin