چنچوڑہ کے درگا پوجا پنڈال کی بانس کی چھت پر انڈوں کی حفاظت کرتی فاختہ
درگا پوجا پنڈال کے اندر ہی ایک فاختہ نے اپنا گھونسلا بنا لیا تھا اور اس میں انڈے بھی دے دیے تھے۔ اسی لیے پوجا ختم ہونے کے بعد بھی پرندوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے پوجا کمیٹی کے ارکان نے پنڈال نہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ چنچوڑہ کے سوکانت نگر میں واقع سوکانت اسمرتی سنگھ کی اس پہل کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا تھا۔ اب اس گھونسلے میں فاختہ کے انڈوں سے بچے نکل آئے ہیں۔ کلب کے ارکان نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک پرندے کا بچہ بڑا ہو کر اڑنا نہیں سیکھ لیتا، پنڈال نہیں کھولا جائے گا۔ یہ قدم پرندے اور اس کے بچے کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
چنچوڑہ کے سوکانت نگر میں واقع سوکانت اسمرتی سنگھ کی درگا پوجا اس سال 53ویں برس میں داخل ہوئی ہے۔ اس سال ان کا موضوع ’سانچی استوپ‘ تھا۔ پوجا سے تقریباً 15 دن پہلے ہی بانس کے ڈھانچے پر ایک فاختہ نے گھونسلا بنانا شروع کر دیا تھا۔ پنڈال پر ترپال لگاتے وقت پوجا منتظمین کی نظر اس پر پڑی۔ اس کے بعد انہوں نے گھونسلے کے اوپر ترپال لگانے کے بجائے ایک باریک کپڑا لگانے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح پوجا کا وقت گزر گیا۔
پوجا ختم ہونے کے باوجود فاختہ کا گھونسلا پنڈال کی چھت پر موجود رہا۔ پرندہ کئی دنوں تک وہاں اپنے انڈوں کی حفاظت کرتا رہا۔ اسی وجہ سے پوجا ختم ہونے کے بعد بھی کمیٹی کے ارکان نے پنڈال کھولنے کا فیصلہ ملتوی کر دیا۔ حال ہی میں انڈوں سے بچے بھی نکل آئے ہیں۔ تاہم، نوزائیدہ بچہ ابھی اڑنے کے قابل نہیں ہے۔ کلب کے ارکان نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک بچہ اڑنا نہیں سیکھ لیتا، پنڈال نہیں کھولا جائے گا۔
اسی دوران سمندری طوفان ’ارنَب‘ بھی گزر گیا۔ تیز آندھی اور بارش کے باوجود فاختہ اپنے گھونسلے اور بچے کی حفاظت کرتی رہی۔ تاہم، پوجا منتظمین یقین کے ساتھ نہیں بتا پا رہے ہیں کہ بچے کی پیدائش کب ہوئی۔ کلب کے ارکان کے مطابق، دو فاختاو¿ں نے دو دو انڈے دیے تھے، یعنی مجموعی طور پر چار انڈے تھے۔ ان میں سے ایک فاختہ اپنے بچے کو لے کر اڑ چکی ہے، جبکہ دوسری فاختہ اب بھی اپنے بچے کی حفاظت کر رہی ہے۔ اس بچے کے جسم پر بھی اب پر نکلنے شروع ہو گئے ہیں۔ پوجا منتظمین کو امید ہے کہ چند دنوں میں یہ فاختہ بھی اپنے بچے کے ساتھ اڑ جائے گی۔
پوجا کمیٹی کے رکن منوج منڈل نے کہا، ”انہیں بھی زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔ جب تک وہ اڑنا نہیں سیکھ لیتے، ہم پنڈال نہیں کھولیں گے۔“
چنچوڑہ کے درگا پوجا پنڈال کی بانس کی چھت پر انڈوں کی حفاظت کرتی فاختہ...
Source: Admin