اسکان کی جائیداد پر قبضے اور 15 ہزار کروڑ روپے کے غبن کا الزام، کلکتہ ہائی کورٹ کے جج نے مقدمے سے خود کو الگ کیا
اسکان کی بنگلورو شاخ کے کنٹرول اور جائیداد پر قبضے کے معاملے میں تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے کے غبن کا الزام سامنے آیا ہے۔ مدھو پنڈت داس اور ان کے ساتھیوں کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی۔ اس معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ میں مقدمہ بھی دائر کیا گیا تھا۔ اب اس فوجداری مقدمے میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس کوشک چند نے مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت سے خود کو الگ کر لیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 25 نومبر کو جسٹس نے خود کو اس مقدمے سے الگ کر لیا۔ اب یہ مقدمہ کسی دوسری بینچ کے سپرد کیے جانے کا انتظار ہے۔ اس صورتحال میں اسکان مایاپور نے متعلقہ ایف آئی آر کی بنیاد پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ساتھ تمام اہم دستاویزات کی فارینسک جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
اسکان کا الزام ہے کہ بنگلورو شاخ کا کنٹرول اور جائیداد اپنے قبضے میں لینے کے مقصد سے فرضی دستاویزات تیار کی گئیں، معلومات چھپائی گئیں اور پچھلی تاریخ ڈال کر حسابات اور آڈٹ رپورٹس تیار کی گئیں۔ ان الزامات کے تحت مدھو پنڈت داس، ان کے ساتھی چنچل پتی داس، ان کے اہل خانہ کے افراد اور چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ وی ایل وردراجن سمیت کئی لوگوں کے خلاف فوجداری ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
تنظیم نے بنگلورو شاخ کے معروف سماجی فلاحی پروگرام 'اکشے پاترا' کا کنٹرول اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کا الزام بھی لگایا ہے۔
اسکان کے ذرائع کے مطابق، 1971 میں ممبئی میں تنظیم کے بانی شریلا پربھوپاد نے جس سوسائٹی کی بنیاد رکھی تھی اور اسے رجسٹر کرایا تھا، وہی اصل اسکان سوسائٹی ہے۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں مایاپور سمیت 450 سے زیادہ شاخیں اسی سوسائٹی کے تحت چلائی جاتی ہیں۔
دوسری جانب، بنگلورو میں 1978 میں رجسٹرڈ ایک الگ سوسائٹی کو لے کر بعد میں تنازع پیدا ہوا۔ اسکان کا الزام ہے کہ تنظیمی اور جائیداد سے متعلق اس اختلاف کا فائدہ اٹھا کر بنگلورو شاخ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تھی۔
اس مقدمے میں ایک نیا پہلو جنوری 2026 میں سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ وی ایل وردراجن کے حلف نامے سے سامنے آیا۔ اسکان کا دعویٰ ہے کہ اس حلف نامے میں وردراجن نے اعتراف کیا تھا کہ مدھو پنڈت داس کی ہدایت پر انہوں نے بنگلورو شاخ کی آڈٹ رپورٹس، حسابات کی تفصیلات اور مختلف تاریخی دستاویزات میں جعل سازی اور تبدیلی کی تھی۔ یہاں تک کہ بعض دستاویزات میں اصل تاریخ کے بجائے پچھلی تاریخ درج کی گئی تھی۔
اس بیان کے سامنے آنے کے بعد ہی اسکان ممبئی کے نمائندوں نے مدھو پنڈت داس، وردراجن، ان کے اہل خانہ کے افراد اور دیگر ساتھیوں کے خلاف فوجداری شکایت درج کرائی۔
اسکان نے مزید بتایا کہ کلکتہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت اس فوجداری مقدمے کا ممبئی میں 1971 میں قائم اصل اسکان سوسائٹی اور 1978 میں بنگلورو میں رجسٹرڈ بعد میں تحلیل ہونے والی سوسائٹی کے درمیان جاری دیوانی تنازع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ دیوانی تنازع فی الحال سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ میں نظرثانی کی درخواست کی بنیاد پر زیر سماعت ہے۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ یہ درخواست اصل ممبئی سوسائٹی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
اسکان مایاپور کی جانب سے دیارام داس نے بتایا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ ایف آئی آر کی بنیاد پر پولیس غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کرے۔ اس کے ساتھ ہی تمام اہم دستاویزات کی فارینسک جانچ کر کے الزامات کی سچائی کا پتہ لگایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فریق کے بیان پر انحصار کرنے کے بجائے دستاویزات اور شواہد کی بنیاد پر اصل حقیقت سامنے آنی چاہیے۔ یہی ان کی درخواست ہے۔
اسکان کی جائیداد پر قبضے اور 15 ہزار کروڑ روپے کے غبن کا الزام، کلکتہ ہائی کورٹ کے جج نے مقدمے سے خود کو الگ کیا...
Source: Admin