فی الحال ریتبرتہ اپوزیشن لیڈر نہیں رہے! 10 دن کے اندر اسپیکر کو فیصلہ کرنے کا ہائی کورٹ کا حکم
فی الحال ریتبرتہ بندوپادھیائے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں رہے! جمعہ کو کلکتہ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں شوبھندیو چٹوپادھیائے کی عرضی خارج کرتے ہوئے گیند اسپیکر کے پالے میں ڈال دی۔ جسٹس کرشنا راو¿ نے حکم دیا کہ آئندہ 10 دن کے اندر اسپیکر رتھیندرناتھ باسو کو حتمی فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپوزیشن لیڈر کون ہوگا۔ اس مدت کے دوران اس عہدے پر کوئی بھی فائز نہیں رہے گا۔
اس عہدے پر کون بیٹھے گا، ممتا ترنمول کے شوبھندیو چٹوپادھیائے یا جمہوری ترنمول کے ریتبرتہ بندوپادھیائے ہی اپوزیشن لیڈر برقرار رہیں گے، اس کا فیصلہ 7 دسمبر تک اسمبلی اسپیکر کو کرنا ہوگا۔ ہائی کورٹ کے اس حکم سے ریتبرتہ خیمے کو جھٹکا لگا ہے، جبکہ کالی گھاٹ خیمے کو کسی حد تک تقویت ملی ہے۔
2026 کے انتخابات کے بعد ممتا بنرجی کی پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہونے کے بعد سے اپوزیشن لیڈر کے عہدے کو لے کر کئی مہینوں سے کھینچا تانی جاری تھی۔ ارکان اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر ریتبرتہ کی جمہوری ترنمول کی جانب سے انہیں اپوزیشن لیڈر بنایا گیا تھا اور اسپیکر رتھیندرناتھ باسو نے بھی انہیں اس عہدے کی منظوری دی تھی۔
لیکن اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے خود کو 'اصل ترنمول' قرار دینے والے ممتا ترنمول کے شوبھندیو چٹوپادھیائے نے پہلے اسپیکر اور پھر کلکتہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
شوبھندیو کی عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ریتبرتہ سمیت کئی ارکان اسمبلی نے پارٹی بدلنے کے لیے دل بدل قانون کے ضابطوں پر عمل نہیں کیا، اس لیے ان کی اسمبلی رکنیت ختم کی جائے۔
اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرنے کی ذمہ داری پہلے بھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے اسپیکر کے سپرد کی تھی۔ لیکن اکتوبر کے وسط میں اسپیکر نے کہا تھا کہ ریتبرتہ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے اور دیگر ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق شوبھندیو کی درخواست کا طریقہ کار درست نہیں تھا۔ انہیں نئی درخواست داخل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
اس کے بعد ممتا ترنمول نے دوبارہ اسپیکر کے پاس درخواست دینے کے ساتھ ہی ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا۔
جمعہ کو اس مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس کرشنا راو¿ نے واضح طور پر کہا کہ شوبھندیو کی عرضی خارج کی جا رہی ہے۔ یعنی اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے متعلق حتمی فیصلہ اب اسپیکر کو ہی کرنا ہوگا۔
ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق، آئندہ 10 دن تک جب تک اسپیکر کوئی فیصلہ نہیں کرتے، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی رہے گا۔
ممتا ترنمول کی جانب سے وکیل شرشنیہ بندوپادھیائے نے کہا، ”ریتبرتہ بندوپادھیائے کو عارضی طور پر دو ماہ کے لیے اپوزیشن لیڈر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ اپوزیشن لیڈر بن کر گھوم رہے تھے۔ آج عدالت کے فیصلے سے انہیں اس صورتحال سے نجات مل گئی۔ 10 دن کے اندر اسپیکر فیصلہ کریں گے کہ اپوزیشن لیڈر کون ہوگا۔ تب تک یہ عہدہ خالی رہے گا۔“
دوسری جانب، اسمبلی کا سرمائی اجلاس 4 دسمبر سے شروع ہونے والا ہے۔ اگر اسپیکر نے اس سے پہلے فیصلہ نہیں کیا تو اپوزیشن لیڈر کے بغیر ہی اسمبلی کا اجلاس شروع کرنا پڑے گا۔ ممکنہ طور پر اسمبلی کی تاریخ میں یہ ایک بے مثال صورتحال ہوگی۔
فی الحال ریتبرتہ اپوزیشن لیڈر نہیں رہے! 10 دن کے اندر اسپیکر کو فیصلہ کرنے کا ہائی کورٹ کا حکم...
Source: Admin