عالیشان گھر میں بیوی کی جلی ہوئی لاش برآمد، ترنمول لیڈر حراست میں
ترنمول لیڈر کے گھر سے اس کی بیوی کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ یہ واقعہ منگل کی صبح سویرے درگاپور کے جموڑیا تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ متوفیہ کا نام پمپا منڈل ہے۔ وہ پانڈویشور کے سابق ترنمول یوتھ صدر نروتم منڈل کی اہلیہ تھیں۔ یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ یہ ’خودکشی‘ تھی یا کچھ اور؟ پولیس نے اس پراسرار موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ترنمول لیڈر کو حراست میں لیا گیا ہے۔
نروتم منڈل جموڑیا تھانے کی کیندا چوکی کے تحت سون پور گاو¿ں کے رہنے والے ہیں۔ ترنمول حکومت کے دور میں وہ کافی بااثر بھی تھے۔ ایک وقت میں وہ پانڈویشور ترنمول کے سابق یوتھ صدر رہ چکے ہیں۔ اب ان کی اہلیہ کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، آج منگل کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے ترنمول لیڈر کے گھر سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا۔ مقامی لوگوں کو شبہ ہوا کہ گھر کے اندر کہیں آگ لگی ہے۔ لیکن بار بار آواز دینے کے باوجود اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ پڑوسی گھر سے متصل سیڑھیوں کے ذریعے بالکنی میں پہنچے۔ آواز دینے پر میاں بیوی کے نابالغ بیٹے نے اندر سے بند دروازہ کھولا۔ مقامی لوگ گھر کے اندر داخل ہوئے تو دل دہلا دینے والا منظر دیکھا۔ 40 سالہ پمپا کو جلی ہوئی حالت میں فرش پر پڑا پایا گیا۔
مقامی لوگوں نے جموڑیا تھانے کی کیندا چوکی کی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور پمپا کو مردہ قرار دیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے آسنسول ضلع اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت ترنمول لیڈر گھر پر موجود نہیں تھے۔ انہیں فون کرکے بلایا گیا۔ تاہم آگ کیسے لگی؟ کیا یہ محض حادثہ تھا یا خودکشی؟ یا پھر اس واقعے کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے؟ یہ تمام سوالات اٹھ رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ نروتم منڈل اور پمپا کی شادی 10 سال قبل ہوئی تھی۔ ان کا ایک بچہ بھی ہے۔ کچھ عرصے سے میاں بیوی کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں تھے۔ دونوں کے درمیان طلاق کا مقدمہ بھی چل رہا تھا۔ اسی وجہ سے کافی عرصے سے دونوں ایک ہی گھر میں الگ الگ رہ رہے تھے۔ تو کیا یہ قتل کا معاملہ ہے؟ یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے نروتم منڈل کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مقامی بی جے پی کے بوتھ صدر رنجیت کمار سنہا نے الزام لگاتے ہوئے کہا، ”نروتم منڈل ترنمول کے انتہائی بااثر لیڈر تھے۔ وہ علاقے کے لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے افراد کو بھی پریشان کرتے تھے۔ یہاں تک کہ انہوں نے اپنی بیوی کو بھی نہیں بخشا۔ ایسے ظالم شخص کو سخت سزا ملنی چاہیے۔“
عالیشان گھر میں بیوی کی جلی ہوئی لاش برآمد، ترنمول لیڈر حراست میں...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments