پائپ لائن کی مرمت کے لیے سیالدہ ڈویزن دے گا اجازت، ریلوے اور میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ میں فیصلہ
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کولکاتا یارڈ کی سرکلر لائن اور اسٹیبلنگ لائن کے درمیان واقع ہے۔ اس علاقے میں مرمت کا کام کرنے کے لیے ریلوے کی زمین استعمال کرنے کی اجازت درکار ہے۔
ٹالا میں پانی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم 72 انچ قطر کی پائپ لائن کی مرمت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریلوے کی زمین سے گزرنے والی اس خراب پائپ لائن کی مرمت کے لیے ریلوے حکام نے ضروری اجازت اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس سلسلے میں بدھ کے روز سیالدہ کے ڈی آر ایم دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت سیالدہ کے ڈویڑنل ریلوے منیجر (ڈی آر ایم) راجیو سکسینہ نے کی۔ اس میٹنگ میں ریلوے کے مختلف محکموں کے افسران کے علاوہ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر اور محکمہ آبرسانی کے ڈی جی کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد بھی موجود تھا۔
گزشتہ ہفتے ٹالا پمپنگ اسٹیشن کی 72 انچ کی پائپ لائن میں سوراخ ہونے کے باعث شہر کے ایک حصے میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔ کولکاتا اسٹیشن کے احاطے میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہو گیا تھا۔ اس کے نتیجے میں اسٹیشن کے معمول کے کام کاج کے ساتھ ساتھ ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ میٹنگ میں بنیادی طور پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد از جلد کس طرح مکمل کیا جائے۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متاثرہ پائپ لائن کولکاتا یارڈ کی سرکلر لائن اور اسٹیبلنگ لائن کے درمیان واقع ہے۔ اس علاقے میں مرمت کا کام انجام دینے کے لیے ریلوے کی زمین استعمال کرنے کی اجازت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں میٹنگ کے دوران میونسپل کارپوریشن نے ایک ابتدائی منصوبہ پیش کیا۔ میونسپل افسران نے مجوزہ تکنیکی طریقہ کار اور کام کی تفصیلی منصوبہ بندی بھی جمع کرانے کی بات کہی ہے۔
ریلوے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مرمت کے لیے ضروری اجازت دینے کے ساتھ ساتھ کام کے دوران ریلوے پٹریوں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ ٹرینوں کی آمد و رفت میں کم سے کم خلل پڑے۔
ڈی آر ایم راجیو سکسینہ نے بتایا کہ مسافروں کی سہولت اور ٹرینوں کی بلاتعطل آمد و رفت، دونوں ہی ریلوے کے لیے یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ شہر میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اب دونوں اداروں کے درمیان تال میل کے ذریعے مرمت کا کام جلد شروع کرکے اسے مکمل کرنا ہی بنیادی مقصد ہے۔
پائپ لائن کی مرمت کے لیے سیالدہ ڈویزن دے گا اجازت، ریلوے اور میونسپل کارپوریشن کی میٹنگ میں فیصلہ...
Source: Admin