پرشانت کشور کا بہار کے برہمنوں سے مسلمانوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا مطالبہ، بی جے پی سے قربت کو قرار دیا دوری کی وجہ
جن سوراج پارٹی کے بانی پرشانت کشور نے کہا ہے کہ بہار کے برہمنوں کو مسلمانوں کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا الزام ہے کہ بی جے پی کے ساتھ سیاسی قربت اختیار کرکے برہمنوں نے بلاوجہ مسلم برادری کو خود سے دور کر لیا ہے۔
پرشانت کشور نے یہ بیان دربھنگہ ضلع کے مہینام گاو¿ں میں برہمن برادری کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اس دوران انہوں نے اس مفروضے کو چیلنج کیا کہ اپنی ہی ذات کے نمائندوں کو منتخب کرنے سے لوگوں کے حالات زندگی بہتر ہو سکتے ہیں۔
وہ صحت، تعلیم اور روزگار کے حوالے سے اپنے منصوبوں پر سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ اسی دوران مقامی لوگوں نے مشورہ دیا کہ علاقے سے کسی برہمن امیدوار کو میدان میں اتارا جانا چاہیے۔
اس پر کشور نے کہا، ”آپ کے موجودہ رکن اسمبلی بھی برہمن ہیں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تقریباً 15 برسوں سے اس برادری کے لوگ اس نشست پر منتخب ہوتے رہے ہیں اور مقامی رکن پارلیمنٹ بھی برہمن ہیں۔ ”اگر صرف برہمن کو منتخب کرنے سے آپ کے مسائل حل ہو سکتے تھے تو آپ کو کبھی پریشانی نہیں ہونی چاہیے تھی۔“
چند روز قبل شمالی بہار کے ایک قصبے کے دورے کے دوران بھی پرشانت کشور نے اسی طرح کا بیان دیا تھا۔ ریاست کے وزیر تعلیم متھیلیش تیواری نے ان پر الزام لگایا تھا کہ پرانے سماجی اتحاد کو دوبارہ زندہ کرنے کی وکالت کرکے وہ کانگریس کی ’بی ٹیم‘ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس الزام کے بارے میں پوچھے جانے پر کشور اپنے بیان پر قائم رہے۔
بدھ کے روز انہوں نے کہا، ”ایسا لگتا ہے کہ متھیلیش تیواری اپنی ضرورت سے زیادہ ذہانت دکھا رہے ہیں۔ میں نے اپنی بات ان لوگوں کے سامنے رکھی تھی جو اس بات سے پریشان تھے کہ برہمنوں کا سیاسی اثر و رسوخ کم ہوتا جا رہا ہے۔“خود برہمن برادری سے تعلق رکھنے والے بانکی پور کے رکن اسمبلی کشور نے دعویٰ کیا کہ برہمنوں کا سیاسی اثر و رسوخ اس کے باوجود کم ہوا ہے کہ وہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی میں مسلسل اپنی ہی ذات کے نمائندوں کو منتخب کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”میں نے بتایا تھا کہ کچھ عرصہ پہلے برہمنوں اور مسلمانوں کے درمیان ایک طرح کا سماجی اتحاد موجود تھا۔ لیکن حالیہ برسوں میں برہمن بی جے پی کے ساتھ ہو گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر اقلیتی برادری کو گالیاں دینے لگے ہیں۔“انہوں نے مزید کہا، ”حالانکہ مسلمان نہ تو ان کے مخالف ہیں اور نہ ہی ریزرویشن نظام سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔“
پرشانت کشور نے کہا، ”آپ نے ان لوگوں کو خود سے دور کر دیا، جو آپ کو ’گرو جی‘ کہہ کر پکارتے تھے اور اپنے ووٹوں سے آپ کو اقتدار تک پہنچاتے تھے۔ آپ نے فیس بک پر انہیں گالیاں دیں اور پاکستانی کہنا شروع کر دیا۔“
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا زمین، ریزرویشن یا مقامی فرقہ وارانہ تشدد کے معاملے میں کسی اختلاف کی وجہ سے اس طرح کی دوری پیدا کرنا درست تھا؟کشور نے کہا کہ برہمنوں کو صرف مسلمانوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ انتہائی پسماندہ طبقات کے لوگوں کے ساتھ بھی اپنے تعلقات بہتر بنانے چاہئیں۔انہوں نے روایتی شادی کی تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں پجاری کا کردار بھی اتنا ہی اہم ہوتا تھا جتنا کہ حجام کا۔پرشانت کشور نے پرشورام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کلہاڑا اٹھانے کی بات ایک مخصوص پس منظر سے تعلق رکھتی ہے، اسے تعلیم کی اہمیت پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے سوال کیا، ”اگر آپ کا بچہ تعلیم حاصل نہیں کرے گا تو کیا کلہاڑا چلانے سے اس کا پیٹ بھر جائے گا؟“ان کا کہنا تھا کہ برہمن برادری کا تاریخی مقام صرف ذات کی شناخت کی وجہ سے نہیں بلکہ علم اور دوسروں کے تئیں فکر و احساس کی وجہ سے قائم ہوا تھا۔ ان کے آبا و اجداد اپنی ضروریات میں کمی کرکے بھی بچوں کو تعلیم دلاتے تھے اور اپنی بھوک مٹانے کے بعد دوسروں کی بھوک کے بارے میں بھی فکر مند رہتے تھے۔کشور نے بی جے پی رہنماو¿ں پر الزام لگایا کہ وہ اپنے بچوں کو امریکہ اور انگلینڈ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجتے ہیں، جبکہ دوسروں کو جھنڈے، تیر کمان اور تلوار لے کر مسلمانوں کے خلاف متحد ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پرشانت کشور پہلی مرتبہ 2014 میں نریندر مودی کی کامیاب انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کرنے کے بعد سیاسی منظرنامے پر نمایاں ہوئے تھے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم اپنے آئندہ دوربہار کے دوران ریاست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا ذکر کریں گے۔
کشور نے کہا، ”اس سال بہار میں آنے والا سیلاب گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تباہ کن تھا۔ اس کے باوجود وزیر اعظم نے اب تک متاثرین کے لیے ہمدردی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا ہے۔ 21 نومبر کو ویشالی ضلع میں انہیں یہ دکھانے کا موقع ملے گا کہ انہیں عوام کی فکر ہے۔“پرشانت کشور نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر الزام لگایا کہ اس کے پاس بہار میں بے روزگاری اور روزگار کی تلاش میں بڑے پیمانے پر ہونے والی نقل مکانی جیسے مستقل مسائل کا کوئی حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا، ”دیوالی اور چھٹھ کے دوران ٹرینوں میں مسافروں کا بے تحاشہ ہجوم سمراٹ چودھری حکومت کے اس دعوے کی قلعی کھول دیتا ہے کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرے گی۔
پرشانت کشور کا بہار کے برہمنوں سے مسلمانوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا مطالبہ، بی جے پی سے قربت کو قرار دیا دوری کی وجہ...
Source: Admin