جیل میں پیسے لے کر قیدیوں کو سونے اور کی جگہ اور کھانے دیئے جاتے ہیں
جیل میں بھی بھتہ خوری! ترنمول حکومت کے دور میں مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر بھتہ خوری کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔ اب بھتہ خوری کے ایک اور معاملے کا انکشاف ہوا ہے۔ الزام ہے کہ ترنمول حکومت کے دور میں ہر جیل سے ماہانہ 25 سے 30 لاکھ روپے تک وصول کیے جاتے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ جیل میں قیدیوں کو دو وقت کا کھانا اور سونے کی جگہ حاصل کرنے کے لیے بھی ہزاروں روپے ادا کرنے پڑتے تھے۔ اس سلسلے میں کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی ہے۔ عرضی گزار نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
الزام ہے کہ ترنمول حکومت کے دور میں بھتہ خوری کے اس دھندے میں اس وقت کے رہنما اور وزرائ سے لے کر جیل کے افسران اور ملازمین تک براہ راست ملوث تھے۔ نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد کئی ایسے زیر سماعت قیدی بھی سامنے آئے ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر طویل عرصے تک پیسے ادا کیے تھے۔ مالدہ کے عرضی گزار وکیل نے بتایا کہ جیل میں بہتر کھانا حاصل کرنے یا سونے کے لیے جگہ پانے کی خاطر 6 ہزار سے 10 ہزار روپے تک دینے پڑتے تھے۔ الزام ہے کہ اضافی سہولیات حاصل کرنے کے لیے اس سے بھی زیادہ رقم ادا کرنی پڑتی تھی۔ یہاں تک کہ پیسوں کے بدلے نشہ آور اشیائ بھی قیدیوں تک پہنچا دی جاتی تھیں!
زیر سماعت قیدیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کئی افراد ہر ماہ اس طرح کی رقم ادا کرتے رہے ہیں۔ قیدیوں کے اہل خانہ کے مطابق، انہوں نے کئی مرتبہ کبھی 500 تو کبھی 1,000 روپے جمع کرائے۔ ان کے مطابق، یہ رقم جیل کی کینٹین میں ادا کرنی پڑتی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں عرضی دائر کرنے والا وکیل بھی ایک وقت میں جیل میں قید رہ چکا ہے۔
عرضی گزار کا الزام ہے کہ جب کوئی قیدی جیل میں داخل ہوتا تھا تو پہلے دن اس پر نظر رکھی جاتی تھی۔ اس کے بعد اسے کسی بھیڑ بھاڑ والے اور گندے کمرے میں بھیج دیا جاتا تھا۔ پھر اس سے پیسے وصول کرنے کا سلسلہ شروع ہوتا تھا۔ عرضی گزار نے بتایا کہ اس پورے معاملے سے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
جیل میں پیسے لے کر قیدیوں کو سونے اور کی جگہ اور کھانے دیئے جاتے ہیں...
Source: Admin