حد بندی کو ہمیشہ قائم رہنے والے فاشزم کا منصوبہ ہے: اروندھتی رائے
حد بندی کو ہمیشہ قائم رہنے والے فاشزم کا منصوبہ قرار دیا اروندھتی رائے نے، CJP کے ابھیجیت ڈپکے نے ریاضی کے ذریعے سمجھایا انتخابی فائدہ
اپوزیشن کی دو اہم جماعتوں، ڈی ایم کے اور این سی پی (ایس پی) نے بل کی حمایت کے اشارے دیے ہیں، جسے حکومت کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہونے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بکر پرائز یافتہ مصنفہ اروندھتی رائے نے ہفتے کے روز کہا کہ نریندر مودی حکومت کی جانب سے حد بندی (Delimitation) کی کوشش دراصل ہمیشہ قائم رہنے والے فاشزم کا ایک طویل مدتی منصوبہ ہے، جو جمہوریت کی کمر توڑ دے گا۔ ان کے اس بیان کی الگ الگ انداز میں دیگر لوگوں نے بھی حمایت کی، جن میں کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے ابھیجیت ڈپکے بھی شامل ہیں، جنہوں نے اعداد و شمار کے ذریعے بتایا کہ انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی سے حکمراں بی جے پی کو کس طرح فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
نئی دہلی کے جواہر بھون میں منعقدہ نیشنل کانکلیو آف رائٹرز، آرٹسٹس اینڈ کلچرل پریکٹیشنرز سے خطاب کرتے ہوئے رائے نے کہا، ”حد بندی جمہوریت کی کمر توڑ دے گی۔ لوگوں کو اس بات پر یقین نہ کرنے دیں کہ یہ صرف انتخابی حلقوں اور ارکان پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانے کا معاملہ ہے۔ یہ مت سمجھیں کہ خواتین کے لیے ریزرویشن بل کا خواتین کے حقوق سے کوئی تعلق ہے۔ اس کا مقصد انتخابی حلقوں کا نقشہ دوبارہ تیار کرکے ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر تقسیم کو مضبوط کرنا ہے۔“
حکومت نے 30 نومبر سے پارلیمنٹ کا چار روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ اس دوران 2029 کے پارلیمانی انتخابات سے پہلے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کے نفاذ کے لیے تین بل پیش کیے جائیں گے۔ ان بلوں میں واضح طور پر ہر ریاست کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
اپوزیشن کی دو اہم جماعتوں، ڈی ایم کے اور این سی پی (ایس پی) نے حکومت کے بل کی حمایت کے اشارے دیے ہیں، جسے حکومت کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہونے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رائے نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ”جمہوری فاشزم“ ہے، جس میں فاشسٹ جمہوریت کے معنی کو ہی ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ”اگر آپ کو ان کے ارادوں پر کوئی شک ہے تو آسام اور کشمیر میں دوبارہ تیار کیے گئے انتخابی حلقوں کا مطالعہ کریں۔ یہ فاشزم کو مضبوط کرنے کی کوشش ہے۔ جرمنی کے نازی، جو فاشسٹ تھے، خود کو نیشنل سوشلسٹ کہتے تھے۔ اس طرح انہوں نے سوشلزم کے معنی کو ختم کر دیا تھا۔“
انہوں نے ان فنکاروں اور مصنفین پر بھی تنقید کی جو حکومت کے زیر اہتمام تقریبات میں شرکت کرکے مسلسل اس کے سامنے جھکتے ہیں اور اپنی عزت نفس کو مجروح کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ”ہم دنیا کے سب سے زیادہ غیر مساوی معاشروں میں سے ایک میں رہتے ہیں، جہاں قانون کی حکمرانی کا نفاذ آپ کی ذات، طبقے، مذہب اور نسل کے مطابق ہوتا ہے۔“رائے نے یہ بھی کہا کہ حکومت اسرائیل سے نگرانی کرنے والا سافٹ ویئر خریدتی ہے، جبکہ اسرائیل غزہ میں روزانہ نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے، اور اس سافٹ ویئر کا استعمال نوجوان مظاہرین کے خلاف کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا، ”ہماری حکومت اسے غیر قانونی طور پر اپنے ہی لوگوں کے خلاف استعمال کرنے کے لیے درآمد کر رہی ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران چہرے کی شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی (Facial Recognition Technology) کا استعمال کیا گیا۔ اس بات کو معمول بنا دیا گیا کہ اس ٹیکنالوجی سے صرف چند ہزار عادی مجرموں کی شناخت کی گئی ہے۔ لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ عادی مجرموں کی تعریف کس بنیاد پر کی گئی۔“
انہوں نے مزید کہا، ”جس طرح کے جبر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، وہ ناقابل تصور ہے۔ حد بندی کا بل ان تمام اقدامات کو منظم اور مضبوط بنانے کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ ہمیشہ قائم رہنے والے فاشزم کا ایک طویل مدتی منصوبہ ہے۔“رائے نے کہا کہ حد بندی حکومت کا ہندوستان کے عوام کو اچانک اپنے جال میں پھنسانے کا منصوبہ ہے، بالکل اسی طرح جیسے 2016 میں نوٹ بندی، 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور 2020 میں صرف چار گھنٹے کی مہلت دے کر ملک گیر لاک ڈاو¿ن نافذ کرنے کے فیصلے کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا، ”حکومت کو یقین ہے کہ اس نے اتنے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے یا خرید لیا ہے کہ وہ حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن بل کو منظور کرا سکتی ہے۔ اگر یہ بل پارلیمنٹ میں منظور ہو جاتا ہے تو حد بندی جمہوریت کے ساتھ وہی کرے گی جو نوٹ بندی نے معیشت کے ساتھ کیا تھا۔“انہوں نے کہا، ”نوٹ بندی نے ہندوستان کے غریبوں کی کمر توڑ دی اور انہیں حکومت کی خیرات پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیا۔ نوٹ بندی اور انتخابی بانڈز نے بی جے پی کو دنیا کی سب سے امیر سیاسی جماعت بنا دیا۔ اس نے اپنے پیسے اور اثر و رسوخ کا استعمال کرکے ان تمام اداروں پر قبضہ کر لیا، جن کا کام ایک فعال جمہوریت میں نگرانی اور توازن برقرار رکھنا ہوتا ہے۔“
اس کانکلیو میں معروف شاعروں، مصنفین، فلم سازوں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، جن میں اشوک واجپئی، مردولا گرگ، ایم کے رائنا، ملکّا سارابھائی، حسین حیدری، قاضی نیل، نیہا سنگھ راٹھور، گوہر رضا، جوئے سین گپتا، این ایس مادھون، گنیش دیوی اور خالد جاوید شامل تھے۔دوسری جانب، کاکروچ جنتا پارٹی کے ابھیجیت ڈپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ”حد بندی: بی جے پی نئے ووٹ حاصل کیے بغیر مزید نشستیں کیسے جیت سکتی ہے“ کے عنوان سے ایک پوسٹ شیئر کی۔
انہوں نے لکھا، ”فرض کیجیے کہ ایک انتخابی حلقے میں 1000 ووٹر ہیں۔ بی جے پی کو 400 ووٹ ملتے ہیں، جبکہ اپوزیشن کو 600 ووٹ ملتے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اپوزیشن وہ نشست جیت جاتی ہے۔ لیکن حد بندی کے بعد اگر اس حلقے کو 500، 500 ووٹروں والے دو حلقوں میں تقسیم کر دیا جائے تو پہلے حلقے میں بی جے پی کو 260 اور اپوزیشن کو 240 ووٹ ملتے ہیں، جبکہ دوسرے حلقے میں بی جے پی کو 140 اور اپوزیشن کو 360 ووٹ ملتے ہیں۔“انہوں نے مزید لکھا، ”نتیجہ یہ ہوگا کہ بی جے پی ایک نشست جیتے گی اور اپوزیشن بھی ایک نشست جیتے گی۔“
ڈپکے نے کہا، ”اپوزیشن اپنی موجودہ پوزیشن برقرار رکھتی ہے، شاید اسی لیے کچھ لوگ حد بندی کی حمایت کر رہے ہیں، لیکن انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اس علاقے میں ایک نئی نشست حاصل کر لیتی ہے جہاں پہلے اس کی کوئی نشست نہیں تھی۔“انہوں نے مزید کہا، ”آئندہ انتخابات میں حد بندی سے بی جے پی کو یہی انتخابی فائدہ حاصل ہوگا۔ ووٹر وہی رہیں گے، ان کے ووٹ دینے کا رجحان بھی وہی رہے گا، لیکن انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی انتخابی نتائج کو تبدیل کر دے گی۔“کاکروچ جنتا پارٹی کے اشوتوش رانکا نے بھی ڈپکے کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا، ”اگر حد بندی کا بل منظور ہو جاتا ہے تو گیانیش کمار پورے ہندوستان کے انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کریں گے۔ کیا یہ منصفانہ حد بندی ہوگی؟“
حد بندی کو ہمیشہ قائم رہنے والے فاشزم کا منصوبہ ہے: اروندھتی رائے...
Source: Admin