National

’آپ کو قرآن پاک پڑھنے کی ضرورت ہے‘، شعلہ بیان لیڈر نتیش رانے کو مسلم تنظیم نے بھیجا قرآن پاک کا مراٹھی ترجمہ

’آپ کو قرآن پاک پڑھنے کی ضرورت ہے‘، شعلہ بیان لیڈر نتیش رانے کو مسلم تنظیم نے بھیجا قرآن پاک کا مراٹھی ترجمہ

مہاراشٹر میں اس وقت ہندی اور مراٹھی زبان کا تنازعہ زوروں پر ہے۔ اس درمیان فڑنویس حکومت میں وزیر نتیش رانے کے ایک متنازعہ بیان نے ہلچل پیدا کر دی ہے۔ انھوں نے گزشتہ دنوں پانچ وقت کی اذان مراٹھی زبان میں دینے کا مشورہ دیا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مدارس میں مفت بندوقیں دی جاتی ہیں۔ اب ایک مسلم تنظیم نے نتیش رانے کو قرآن پاک کا مراٹھی ترجمہ پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ انھیں اس پاکیزہ کتاب کو سنجیدگی سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔ مہاراشٹر کے لاتور میں مسلم ویلفیئر ایسو سی ایشن نے نتیش رانے کو قرآن پاک کا یہ مراٹھی ترجمہ بذریعہ ڈاک بھیجا ہے۔ یہ جانکاری تنظیم سے منسلک مفتی فاضل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے 18 جولائی کو دی۔ انھوں نے نتیش رانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’انسان اپنی زبان سے پہچانا جاتا ہے۔ نتیش رانے صاحب! آپ کس زمرے سے تعلق رکھتے ہیں، آپ کی حیثیت کیا ہے، آپ کی اوقات کیا ہے اور آپ کتنے پڑھے لکھے ہیں، یہ آپ کی زبان سے سمجھ میں آ گیا ہے۔ آپ کو خاص طور سے ضرورت ہے قرآن پاک پڑھنے کی۔‘‘ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی فاضل نے کہا کہ اس قرآن پاک میں لکھا ہے ’اے لوگو! اللہ سے ڈرو۔‘ جب آپ اس کو پڑھیں گے اور گہرائی سے سمجھیں گے تو آپ کو سب کچھ سمجھ آ جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نتیش رانے اچھی سوسائٹی میں رہتے ہیں، لیکن پتہ نہیں اپنے سیاسی فائدے کے لیے کسی مذہب کے بارے میں غلط کیوں کہتے ہیں۔ کسی مذہب کو بدنام کرنا اور اس کے اوپر داغ لگانا، یا قرآن پاک پر انگلی اٹھانا، یا پھر مسلمانوں کی ٹوپی اور داڑھی کے اوپر بیان بازی کرنا، یہ سب انھیں زیب نہیں دیتا۔ ریاستی وزیر نتیش رانے کا ذکر کرتے ہوئے مفتی فاضل نے یہ بھی کہا کہ آپ اچھے باپ کے اچھے بیٹے ہیں، پڑھے لکھے ہیں۔ اس قرآن پاک کو گہرائی سے پڑھیں، اس کے بعد آپ کو کیا کہنا ہے وہ خود اپنی زبان سے کہیں گے۔ مفتی فاضل کہتے ہیں کہ ’’مجھے امید ہے کہ جو قرآن پاک پڑھنے والا ہو، پھر وہ ایسے بیان نہیں دے گا۔ قرآن ہر ایک کو دعوت دیتا ہے اور جب کوئی اسے پڑھتا ہے تو اسلام کی حقیقت اس کے سامنے آجاتی ہے۔’’

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments