Kolkata

رام کرشنا پرم ہنس کو لے کر مودی کے خلاف ہنگامہ آرائی، ممتا نے مورچہ سنبھالا

رام کرشنا پرم ہنس کو لے کر مودی کے خلاف ہنگامہ آرائی، ممتا نے مورچہ سنبھالا

رام کرشن پرمہنس کے یومِ پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی سوشل میڈیا پوسٹ پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مودی کی جانب سے رام کرشن دیو کو 'سوامی' کہنے پر سخت اعتراض کیا ہے اور اسے بنگال کی ثقافت کی توہین قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' پر لکھا، ”سوامی رام کرشن پرمہنس کی یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت۔“ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ رام کرشن دیو ایک 'یوگ اوتار' تھے اور بنگال میں انہیں ہمیشہ 'ٹھاکر' کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے۔ 'سوامی' کا لقب ان کے شاگردوں (سنیاسیوں) کے لیے استعمال ہوتا ہے، جیسے سوامی وویکانند۔ممتا بنرجی نے یاد دلایا کہ بنگال کی روایت میں رام کرشن دیو کو 'ٹھاکر'، وویکانند کو 'سوامی' اور ساردا دیوی کو 'ماں' کہا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ ان القابات میں اپنی طرف سے تبدیلی نہ کریں۔ کنال گھوش نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ کسے کیا کہنا چاہیے۔ جو لوگ ریسرچ کر رہے ہیں، انہیں صحیح معلومات ہونی چاہئیں۔ بی جے پی لیڈر راہل سنہا نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ خود رام کرشن دیو نے کہا تھا کہ 'جتنے مت، اتنے پت' (جتنے عقیدے، اتنے راستے)۔ کوئی انہیں بھگوان کہتا ہے، کوئی ٹھاکر اور کوئی دیو؛ اہم بات یہ ہے کہ انہیں عقیدت کے ساتھ یاد کیا گیا ہے۔ترنمول کانگریس نے پارلیمنٹ کے اس واقعے کا بھی ذکر کیا جب وزیر اعظم نے بنکم چندر چٹوپادھیائے کو 'بنکم دا' کہہ کر مخاطب کیا تھا، جس پر اس وقت بھی کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ترنمول اسے بنگالی ثقافت اور شناخت کے ساتھ کھلواڑ قرار دے رہی ہے، جبکہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ نام سے زیادہ نیت اور عقیدت اہم ہے۔

Source: PC- tv9bangla

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments