Kolkata

نیو جلپائی گوڑی : کنچن  جنگا ایکسپریس اور مال گاڑی کی ٹکر، 15 افراد ہلاک، 30 سے ​​زائد زخمی

نیو جلپائی گوڑی : کنچن جنگا ایکسپریس اور مال گاڑی کی ٹکر، 15 افراد ہلاک، 30 سے ​​زائد زخمی

اگرتلہ/کولکتہ، 17 جون : مغربی بنگال میں پیر کی صبح اگرتلہ-سیالدہ کنچن جنگا ایکسپریس حادثے میں کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی اور 30 ​​سے ​​زیادہ مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح 8.30 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب اگرتلہ سے سیالدہ جانے والی کنچن جنگا ایکسپریس نیو جلپائی گوڑی اسٹیشن پر رکنے کے بعد اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ اسی دوران رنگاپانی اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی نے پیچھے سے ایکسپریس ٹرین کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے باعث ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور مال گاڑی کے انجن کے اوپر پھنس گئیں۔ مرنے والوں میں مال گاڑی کا پائلٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی چوٹیں زیادہ سنگین نہیں ہیں۔ مقامی شہریوں نے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے میں مدد کی۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ایکس پر کہا “نارتھ فرنٹیئر ریلوے میں افسوسناک حادثہ۔ ریسکیو آپریشن جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ریلوے، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔ سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ’’این ڈی آر ایف اور ڈی ایم جی نے راحت اور بچاؤ مہم شروع کر دی ہے، تاہم خراب موسم کی وجہ سے لوگوں کو نکالنے کا کام متاثر ہوا ہے۔ امدادی کارکن تباہ شدہ بوگیوں کے اندر پھنسے لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ ریلوے کے سینئر افسران زخمیوں اور پھنسے ہوئے مسافروں کو بچانے کے لیے طبی ٹیموں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس سیکشن پر ٹرین کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔‘‘ اس دوران مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹویٹر پر کہا ’’دارجیلنگ ضلع کے پھانسیوا علاقے میں ہونے والے افسوسناک ٹرین حادثے کے بارے میں جان کر صدمہ ہوا۔ تفصیلی معلومات کا انتظار ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کنچن جنگا ایکسپریس ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی ہے۔ پولیس اور انتظامی افسران اور ڈیزاسٹر ٹیموں کو ڈاکٹروں اور ایمبولینسوں کے ساتھ طبی امداد کے لیے موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ جنگی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔‘‘ تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا نے لکھا ’’مجھے معلوم ہوا کہ ایک المناک واقعے میں، اگرتلہ-سیالدہ کنچن جنگا ایکسپریس، نیو جلپائی گوڑی کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ مال گاڑی کے ساتھ ٹکر میں تین بوگیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ میں اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘

Source: uni news

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments