Kolkata

مغربی بنگال کی 293 نشستوں پر پیر کو ووٹوں کی گنتی، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل

مغربی بنگال کی 293 نشستوں پر پیر کو ووٹوں کی گنتی، الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل

کولکاتہ، 3 مئی: مغربی بنگال میں دو ماہ تک جاری رہنے والے انتخابی عمل کے بعد کل یعنی پیر کو ہونے والی فیصلہ کن ووٹوں کی گنتی کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے وسیع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ صبح 8 بجے شروع ہونے والی یہ گنتی 293 اسمبلی حلقوں کے 2,920 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرے گی۔ کمیشن نے پرامن ووٹ شماری کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ یہ پورا انتخابی عمل الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے ۔ کمیشن نے ریاست بھر میں پہلے اعلان کردہ 87 مراکز کے بجائے اب 77 ووٹ شماری مراکز قائم کیے ہیں۔ کولکاتہ کی 11 اسمبلی نشستوں کے لیے پانچ مراکز بنائے گئے ہیں، جبکہ ریاست کے سب سے بڑے ضلع شمالی 24 پرگنہ کی 33 نشستوں کے لیے سات مراکز پر ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن نے 432 ووٹ شماری مبصرین اور 165 اضافی مبصرین تعینات کیے ہیں۔ اس کے ساتھ قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لیے ہر مرکز پر ایک پولیس مبصر سمیت مجموعی طور پر 77 پولیس مبصرین مقرر کیے گئے ہیں۔ ووٹ شماری مراکز پر مرکزی فورسز اور ریاستی پولیس کی تین سطحی سکیورٹی تعینات رہے گی۔ ای سی آئی نیٹ کے ذریعے جاری کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی فوٹو شناختی کارڈ کے ذریعہ داخلے کو سختی سے کنٹرول کیا گیا ہے ۔ مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں دفعہ 163 نافذ کر دی گئی ہے اور ووٹ شماری مبصرین و ریٹرننگ افسران کے علاوہ کسی کو بھی اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی کا آغاز پوسٹل بیلٹ سے ہوگا، جس کے بعد ای وی ایم کے ووٹ شمار کیے جائیں گے ۔ شفافیت کے لیے ہر مرحلے کے بعد فارم 17 سی-II ایجنٹوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ بے ضابطگیوں کے الزامات کے باعث جنوبی 24 پرگنہ کی فالٹا نشست پر دوبارہ پولنگ کے احکامات دیے گئے ہیں، اس لیے وہاں کل ووٹوں کی گنتی نہیں ہوگی۔

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments