Kolkata

ارے بمان دا، پیچھے کیوں؟‘ گورنر کی حلف برداری میں ممتا بنرجی کی سینئر لیڈر کے لیے بے مثال ہمدردی اور رواداری

ارے بمان دا، پیچھے کیوں؟‘ گورنر کی حلف برداری میں ممتا بنرجی کی سینئر لیڈر کے لیے بے مثال ہمدردی اور رواداری

کولکاتا12مارچ :بنگال کی حالیہ سیاست، جو اکثر طنز و تشنیع اور الزامات سے بھری رہتی ہے، جمعرات کو لوک بھون میں ایک نادر اور خوشگوار منظر کی گواہ بنی۔ نئے گورنر آر این روی کی تقریبِ حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بائیں بازو کے فرنٹ (لیفٹ فرنٹ) کے چیئرمین بمان بوس کے تئیں جس غیر معمولی احترام اور رواداری کا مظاہرہ کیا، اس نے 83 سالہ بزرگ لیڈر کو بھی جذباتی کر دیا۔ بمان بوس اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے لرزتی ہوئی آواز میں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ حالیہ سیاسی تلخیوں کے درمیان، ممتا بنرجی کی اس پیش قدمی نے ثابت کیا کہ بزرگوں کا احترام ہی بنگال کی اصل ثقافت ہے۔ تقریب کے لیے طے شدہ نشستوں کے مطابق، وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور میئر کے لیے پہلی قطار میں نشستیں مخصوص تھیں۔ دوسری قطار وزیر اعلیٰ کے سیکورٹی اہلکاروں کے لیے اور تیسری قطار دیگر سیاسی رہنماوں کے لیے تھی۔ بمان بوس اپنی مخصوص نشست پر تیسری قطار میں بیٹھے تھے۔ جیسے ہی ممتا بنرجی وہاں پہنچیں اور بمان بوس کو پیچھے بیٹھے دیکھا، وہ فوراً بول اٹھیں: ”ارے بمان دا! آپ آئے ہیں، پیچھے کیوں بیٹھے ہیں؟ آگے آئیے۔“ وہ تقریباً ضد کر کے انہیں تیسری قطار سے اٹھا کر لائیں اور پہلے اپنے سیکورٹی اہلکاروں کی جگہ پر بٹھایا۔ تھوڑی دیر بعد انہوں نے دوبارہ کہا: ”میئر تو نہیں آئیں گے، یہ نشست خالی ہے۔ بمان دا، آپ میرے برابر میں آ کر بیٹھیں۔“ بمان بوس نے ہچکچاہٹ دکھائی اور کہا کہ وہ وہیں ٹھیک ہیں، لیکن وزیر اعلیٰ نے ان کی ایک نہ سنی اور انہیں پہلی قطار میں اپنے ساتھ بٹھا کر ہی دم لیا۔ وزیر اعلیٰ کی یہ مروت یہیں ختم نہیں ہوئی۔ تقریب کے بعد جب سب رخصت ہو رہے تھے، ممتا بنرجی نے دیکھا کہ بمان بوس دھوپ میں اپنی گاڑی کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ فوراً ان کے پاس پہنچیں اور پوچھا: ”آپ دھوپ میں یہاں کیوں کھڑے ہیں؟ آپ کی گاڑی کہاں ہے؟“ اس دوران وزیر اعلیٰ کی اپنی گاڑی وہاں پہنچ چکی تھی، لیکن وہ اس میں سوار نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا: ”پہلے بمان دا کی گاڑی آنے دیں، انہیں رخصت کر کے ہی میں اپنی گاڑی میں بیٹھوں گی۔“ جب بمان بوس کی گاڑی آئی، تو وزیر اعلیٰ نے خود انہیں گاڑی میں بٹھایا۔ ممتا بنرجی کے اس برتاو نے لوک بھون میں موجود تمام لوگوں کا دل جیت لیا اور یہ پیغام دیا کہ سیاست اپنی جگہ، لیکن باہمی احترام اور رواداری کا رشتہ اب بھی برقرار ہے۔

Source: PC- sangbadpratidin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments