کولکاتہ، 23 اپریل : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ مذہبی ظلم و ستم کے باعث ہندستان آنے والے پناہ گزینوں کی شہریت محفوظ رہے گی اور انہیں اس حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ پی ایم مودی نے مغربی بنگال میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران ندیاضلع کے کرشن نگر میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پناہ گزین برادریوں کو شہریت کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی اور خواتین کے لیے متعدد فلاحی اعلانات کیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت بننے کے بعد شہریت ترمیمی عمل کو تیز کیا جائے گا تاکہ اہل افراد کو تمام حقوق اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے خاص طور پر متوا اور نام شودر برادریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیونٹیز کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور حکومت ان کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔ انہوں نے کہا، "میں یہاں ایک وعدہ کرنے آیا ہوں۔ کسی بھی پناہ گزین خاندان کو ترنمول سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، چاہے وہ متوا خاندان ہو یا نام شودر خاندان۔ جو لوگ مذہبی ظلم و ستم کے باعث ہندستان آئے ہیں، مودی ان کے ساتھ ہیں۔ ریاست میں بی جے پی حکومت آنے کے بعد سی اے اے کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ آپ کو وہ تمام دستاویزات اور سہولیات ملیں گی جن کے آپ ایک ہندستانی شہری کے طور پر حقدار ہیں۔" پی ایم مودی نے خواتین کے مسائل پر حکمراں ترنمول کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست میں خواتین کی حفاظت اور بااختیاری کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ۔ انہوں نے خواتین کے لیے فلاحی اسکیموں کے دائرے کو بڑھاتے ہوئے دس ضمانتوں کا اعلان کیا، جن میں پولیس فورس میں خواتین کی بھرتی میں اضافہ، "ماتر شکتی بھروسہ کارڈ" کے تحت 36 ہزار روپے کی امداد، خواتین کی تعلیم کے لیے 50 ہزار روپے اور حاملہ خواتین کے لیے 21 ہزار روپے کی مدد شامل ہے ۔ وزیراعظم مودی نے انتخابی ماحول کو نسبتاً پرامن قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے کردار کی ستائش کی اور کہا کہ انتخابی عمل میں اعتماد قائم ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا، "گزشتہ 50 برسوں میں یہ ایسا انتخاب ہے جس میں تشدد نہ ہونے کے برابر ہے ۔ پہلے قتل ہوتے تھے اور انہیں خودکشی قرار دے دیا جاتا تھا۔ اب تک مجھے جو معلومات ملی ہیں اس کے مطابق یہ انتخاب بھی پرامن طریقے سے جاری ہے ۔ میں انتخابی عمل میں اعتماد قائم کرنے کے لیے ہندستان کے الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔" انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ووٹنگ کا فیصد زیادہ ہوتا ہے وہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ ملتا ہے اور مغربی بنگال میں بھی ایسا ہی نتیجہ دیکھنے کو ملے گا۔ پی ایم مودی نے اب وائرل ہو چکے جھالمڑی والے قصے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، "میں نے سنا ہے کہ جھالمڑی نے کچھ لوگوں کو جھٹکا دیا ہے ۔ میں نے تو جھالمڑی کھائی تھی لیکن 'جھال' (تیکھا پن) ترنمول کو لگا۔" جلسے کے دوران انہوں نے ریاستی حکومت پر بدعنوانی اور قانون و نظم کی صورتحال کو لے کر بھی الزامات عائد کیے اور کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے ۔ پی ایم مودی نے کہا، "انہوں نے ماڈل اسکولوں کا وعدہ کیا تھا لیکن ہزاروں اسکول بند پڑے ہیں۔ انہوں نے نل کے ذریعے پانی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آپ کے گھروں تک گندے نالے کا پانی پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے لاکھوں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا وعدہ کیا تھا لیکن ہزاروں بند ہو چکے ہیں۔" وزیر اعظم نے کہا کہ جو لوگ عوام کے وسائل کا غلط استعمال کر رہے ہیں انہیں جواب دینا ہوگا اور ریاست میں جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔
Source: UNI NEWS
میتا نے ممتا بنرجی کی دی ہوئی ساڑھی پہن کر شادی کی
نندی گرام میں یوم شہدا کے موقع پر شوبھندوادھیکاری راستے میں
دھند کی وجہ سے موٹر سائیکل اور وین کی آمنے سامنے ٹکر ا گئی!2ہلاک
ممتا کے آتے ہی فوج نے ترنمول اسٹیج کو کھولنا روک دیا
ایم پی کھگن مرمو اور شنکر گھوش حملے کی زد میں
نیپال کی بدامنی بنگال میں بھی پھیل گئی، لیا گیا بڑا فیصلہ