Bengal

اس مہینے سے امام ، موذن کا وظیفہ بند

اس مہینے سے امام ، موذن کا وظیفہ بند

مغربی بنگال حکومت نے مذہبی بنیادوں پر چلنے والی تمام اسکیمیں بند کر دی ہیں۔ پیر کے روز کابینہ کے اجلاس کے بعد خواتین اور بہبودِ اطفال کی وزیر اگنی مترا پال نے یہ بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان اسکیموں کے تحت اس جاریہ مہینے میں تو مالی امداد ملے گی، لیکن اگلے مہینے سے یہ مکمل طور پر بند ہو جائے گی۔ آج پریس کانفرنس کے دوران اگنی مترا پال نے صاف لفظوں میں کہا، "مذہبی زمرہ بندی کی بنیاد پر محکمہ اطلاعات و ثقافت اور محکمہ اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کے تحت دی جانے والی تمام امدادی اسکیمیں بند کی جائیں گی۔ اس مہینے یہ سروس چلے گی، لیکن اگلے مہینے سے اسے بند کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تفصیلی نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔" انتخابات سے پہلے بی جے پی نے 'وظیفہ نہیں، روزگار' کا نعرہ دیا تھا اور اپنے منشور (سنکلپ پتر) میں روزگار اور گڈ گورننس (حسنِ انتظام) کا وعدہ کیا تھا۔ اسی راستے پر چلتے ہوئے حکومت سازی کے ٹھیک 9 دنوں کے اندر وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کی ہدایت پر اگنی مترا پال نے یہ بڑا فیصلہ سنایا۔ اس فیصلے کے بعد یہ طے مانا جا رہا ہے کہ ممتا بنرجی کے دورِ حکومت میں شروع کیا گیا اماموں، موذنوں اور پجاریوں کا ماہانہ وظیفہ اب بند ہو رہا ہے۔ ترنمول کانگریس کے دور میں وظیفہ کلچر کو مبینہ طور پر 'ترجیحی سیاست' کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف بی جے پی ہمیشہ سرگرم رہی تھی اور اسے ریاست کی معیشت پر بوجھ قرار دیا تھا۔ اب اقتدار میں آتے ہی حکومت نے اصلاحاتی قدم اٹھاتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر چلنے والی تمام 'امتیازی' اسکیموں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سابقہ ریاستی حکومت کی سماجی ترقیاتی اسکیم کے تحت پجاریوں، اماموں اور موذنوں کو 1500 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جاتا تھا۔ رواں سال مارچ کے مہینے میں ہی ممتا بنرجی کی حکومت نے اس میں 500 روپے کا اضافہ کر کے اسے 2000 روپے ماہانہ کر دیا تھا۔ تاہم، اس اسکیم کو لے کر کافی تنازعات بھی رہے اور اس وقت کی اپوزیشن نے ممتا حکومت پر خوشامد اور ووٹ بینک کی سیاست کا الزام لگایا تھا۔ اب وہی اپوزیشن جماعت حکومت میں آتے ہی مذہبی بنیادوں پر مبنی تمام اسکیموں کو ختم کرنے جا رہی ہے۔

Source: PC-sangbadpratidin

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments