Bengal

گنگا ساگر میلے کی وجہ سے کولکاتا میں بسوں کی تعداد میں کمی

گنگا ساگر میلے کی وجہ سے کولکاتا میں بسوں کی تعداد میں کمی

کولکاتا12جنوری :آنے والے بدھ کو پوش سنکرانتی ہے۔ اس موقع پر گنگا ساگر میلے کے سلسلے میں پورے ملک سے لاکھوں عقیدت مند ساگر جزیرے پر جمع ہوں گے۔ مقدس اشنان (غسل) کے لیے زائرین کی روانگی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے نظام پر اضافی دباو پڑنا شروع ہو گیا ہے، جس کا براہ راست اثر کولکتہ اور مضافاتی علاقوں پر پڑ رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ اگلے چند دنوں میں شہر میں سرکاری اور نجی بسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو جائے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ سنیہاشیش چکرورتی نے اعتراف کیا ہے کہ پیر سے بس سروس میں کمی کا امکان ہے، کیونکہ عوامی نقل و حمل سے وابستہ بسوں اور منی بسوں کا ایک بڑا حصہ گنگا ساگر میلے کی ڈیوٹی پر مامور رہے گا۔ ٹرانسپورٹ حکام کا خیال ہے کہ سینکڑوں بسوں کے دوسرے مقامات پر چلے جانے سے کولکتہ، دونوں 24 پرگنہ، ہاوڑہ اور ہگلی اضلاع کی سڑکوں پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ تاہم، وزیر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا، "ہر سال گنگا ساگر میلے کے دوران ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہمیں خصوصی انتظامات کرنے پڑتے ہیں تاکہ ملک بھر سے آنے والے زائرین گنگا ساگر جا سکیں۔ لیکن کولکتہ اور مضافات میں عام لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کے لیے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔" صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ سرکاری بسوں کی کمی پوری کرنے کے لیے ڈپووں میں کھڑی کئی بسوں کی ابتدائی مرمت کے بعد انہیں سڑکوں پر لایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ بس مالکان سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ طویل عرصے سے کھڑی گاڑیوں کو دوبارہ سروس میں لائیں۔ ضرورت پڑنے پر اہم روٹس پر اضافی بسیں چلانے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اگر متبادل ٹرانسپورٹ کا انتظام موثر رہا تو مسافروں کی مشکلات میں کافی حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ خاص طور پر دفاتر جانے والوں، طلبائ اور طویل فاصلے کے مسافروں کے لیے روٹس کی دوبارہ ترتیب اور ٹرپس بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ پوش سنکرانتی اور گنگا ساگر میلے کے اس مصروف وقت میں عارضی دشواری کے باوجود، وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دلایا ہے کہ انتظامیہ کی مستعدی سے شہر کا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فعال رہے گا۔ تاہم، حکومت کے متبادل بس انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سٹی سبربن بس سروسز کے لیڈر ٹیٹو ساہا نے کہا، "ہم جانتے ہیں کہ گنگا ساگر میلے کے دوران شہر سے بسیں ہٹا کر وہاں سروس دی جاتی ہے، جہاں سرکاری اور نجی دونوں طرح کی بسیں استعمال ہوتی ہیں۔ لیکن شہر کے مسافروں کے مسائل حل کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں۔ ایسی صورتحال میں ہم بھی پریشان ہیں کہ مسافروں کی تکالیف کو کیسے کم کیا جائے۔

Source: PC- anandabazar

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments