آسنسول 7 مارچ: درگاپور شہر میں ’آیورویدک چاکلیٹ‘ کے نام پر مبینہ طور پر نشہ آور چاکلیٹ فروخت کیے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ یہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب نویں جماعت کی ایک طالبہ کے پاس سے مشتبہ چاکلیٹ کا پیکٹ ملا، جس پر اسکول انتظامیہ نے فوری کارروائی کی۔ واقعہ درگاپور کے رانا پرتاپ روڈ علاقے میں واقع ایک نجی اسکول کا ہے۔ سنیچر کے روز دیگر دنوں کی طرح درگاپور کے نیا پلی علاقے کی ایک نویں جماعت کی طالبہ اسکول پہنچی۔ اسکول آنے کے بعد اس کے ہاتھ میں موجود سبز رنگ کے ایک پیکٹ کو دیکھ کر ساتھی طلبہ کے درمیان گفتگو شروع ہو گئی۔ یہ منظر اسکول کی پرنسپل دیویانی بوس کی نظر میں آیا۔ معاملہ مشتبہ محسوس ہونے پر انہوں نے فوراً اساتذہ کے ساتھ طالبہ کے پاس جا کر پیکٹ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ پوچھ گچھ کے دوران طالبہ نے بتایا کہ اس نے یہ چاکلیٹ دھونورا پلاٹ علاقے میں واقع ایک دکان سے خریدی ہے، جو سواپن گورائی نامی شخص کی ہے۔ دکاندار نے اسے بتایا تھا کہ یہ ایک جڑی بوٹیوں سے بنی آیورویدک چاکلیٹ ہے۔ تاہم اسکول انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ یہ دراصل نشہ آور مادہ ہو سکتا ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسکول کی پرنسپل نے فوری طور پر طالبہ کے والدین کو اطلاع دی اور پولیس کو بھی خبر دی گئی۔ اس کے بعد والدین اور پولیس کے ساتھ اسکول انتظامیہ سیدھے متعلقہ دکان پر پہنچ گئی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم دکاندار کو حراست میں لے لیا ہے اور معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ ایک دکان میں کھلے عام اس طرح کی مشتبہ چاکلیٹ فروخت ہونا اور وہ بھی کم عمر طلبہ تک پہنچ جانا انتہائی تشویشناک بات ہے۔ اسکول کی پرنسپل دیویانی بوس نے کہا،”جب ہم نے اس پیکٹ کو دیکھا تو ہمیں فوراً شک ہوا۔ بعد میں طالبہ نے بتایا کہ اس نے یہ قریبی دکان سے خریدا ہے اور اسے بتایا گیا تھا کہ یہ ایک آیورویدک چاکلیٹ ہے۔ لیکن ہمیں یہ معاملہ انتہائی مشکوک لگا۔ ایک کم عمر طالبہ کو اس طرح کی چیز فروخت ہونا بہت تشویشناک ہے، اسی لیے ہم نے انتظامیہ سے شکایت کی ہے۔“پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے اور اس بات کی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا واقعی اس چاکلیٹ میں کوئی نشہ آور مادہ موجود ہے یا نہیں۔
Source: Mashriq News Service
میتا نے ممتا بنرجی کی دی ہوئی ساڑھی پہن کر شادی کی
ایم پی کھگن مرمو اور شنکر گھوش حملے کی زد میں
ممتا کے آتے ہی فوج نے ترنمول اسٹیج کو کھولنا روک دیا
نیپال کی بدامنی بنگال میں بھی پھیل گئی، لیا گیا بڑا فیصلہ
دکان کے سامنے سے پاکستانی نوٹ برآمد ہونے سے سنسنی
آئی پی ایل پر 40فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا