National

سپریم کورٹ کا امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھانے سے انکار

سپریم کورٹ کا امید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھانے سے انکار

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پیر کو اُمید پورٹل پر وقف جائیدادوں کے آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھانے سے انکار کر دیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ جن فریقوں کو اس عمل پر کوئی اعتراض یا شکایت ہے، وہ متعلقہ وقف ٹریبیونل کے سامنے اپنا مؤقف پیش کر سکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ قانون کے تحت اس کے لیے مناسب فورم پہلے سے موجود ہے، اس لیے تاریخ بڑھانے کی ضرورت نہیں۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بینچ نے کہا کہ عدالت وقف قانون کو دوبارہ نہیں لکھ سکتی کیونکہ وقف ایکٹ میں پہلے ہی حل موجود ہیں۔ بینچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی دلیل کا بھی حوالہ دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ “ہر متولی ٹریبیونل میں جا کر اپنے معاملے کی بنیاد پر ریلیف لے سکتا ہے۔” سپریم کورٹ نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ، اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین اویسی اور دیگر کئی فریقوں کی درخواستوں پر یہ فیصلہ سنایا۔ ان درخواستوں میں امید پورٹل پر رجسٹریشن کی چھ ماہ کی مہلت بڑھانے کی مانگ کی گئی تھی، لیکن عدالت نے صاف کہا کہ “وقت بڑھانے کا کوئی سوال نہیں، ضرورت ہو تو ٹریبیونل جائیں۔” اس سے پہلے 15 ستمبر کو عدالت نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر مکمل پابندی لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ البتہ کچھ دفعات پر روک لگائی گئی تھی، جیسے وقف بنانے کے لیے پانچ سال تک اسلام کی پیروی کرنے کی شرط وغیرہ۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ ’وقف بائی یوزر‘ کے تصور کو ہٹانے میں کوئی ابتدائی تضاد نظر نہیں آتا اور سرکاری زمین پر قبضہ ہونے کا خدشہ “حقائق پر مبنی نہیں” ہے۔ مرکز نے 6 جون کو پورٹل لانچ کیا تھا۔ اس کا مقصد ملک بھر کی تمام وقف جائیدادوں کا قومی ڈیجیٹل، جیو ٹیگڈ ریکارڈ تیار کرنا ہے۔ پورٹل پر تمام رجسٹرڈ وقف جائیدادوں کا ڈیٹا چھ ماہ میں اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی ہزاروں جائیدادوں کا ریکارڈ اتنے کم وقت میں اپ لوڈ کرنا مشکل ہے، اس لیے مہلت بڑھائی جانی چاہئے۔ تاہم عدالت نے واضح کر دیا کہ مہلت بڑھانے کی ضرورت نہیں اور قانون میں دستیاب طریقۂ کار پر عمل کیا جانا چاہئے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments