International

ایران سروے: عوامی ناراضی 92 فی صد تک پہنچ گئی

ایران سروے: عوامی ناراضی 92 فی صد تک پہنچ گئی

تہران : ایران میں ہونے والے ایک سروے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے خلاف عوامی ناراضی 92 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ نئے سروے کے مطابق ایران میں عوام کی ناراضی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، صدارتی ادارے کی جانب سے کرائے گئے اس سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی صورت حال سے عدم اطمینان کی شرح تقریباً 92 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ عدم اطمینان کی یہ شرح شہریوں اور حکام کے درمیان بڑھتی ہوئی بداعتمادی کی نشان دہی کرتی ہے، صدارتی ادارے کے سماجی مشیر اور مرکز برائے عوامی رابطہ کے سربراہ محمد جواد جوادی یگانہ کے مطابق سروے کے نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اکثریت نے مقامی حکام اور پارلیمان کے ارکان کی کارکردگی کو کمزور قرار دیا۔ یہ سروے صدر مسعود پزیشکیان کے 16 صوبوں کے دوروں کے دوران کیا گیا، تاکہ عوامی اطمینان اور مقامی حکام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ علاقائی حکام کی کارکردگی کو شہریوں نے ’’کمزور‘‘ یا ’’درمیانی‘‘ قرار دیا جب کہ تقریباً 59 فی صد شرکا نے پارلیمان کے ارکان کی کارکردگی ناقص قرار دی۔ صدر ایران مسعود پزیشکیان نے گزشتہ منگل پارلیمان کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے لیے عوامی معاشی مسائل اوّلین ترجیح ہونی چاہیے، ان کے بہ قول ’’ہم اس وقت تک حکومت نہیں کر سکتے جب تک عوام بھوکے ہوں۔‘‘ مقامی رپورٹس کے مطابق مغربی پابندیوں نے ایران کی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔ تیل کی برآمدات میں کمی اور مقامی کرنسی کی گراوٹ نے حالات مزید خراب کیے ہیں، ایرانی ریال نے اپنی قدر کا 59 فی صد کھو دیا ہے جب کہ افراط زر 40 فی صد سے تجاوز کر چکی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments