National

آندھرا پردیش کے مندر میں بھگدڑ، 10 عقیدت مندوں کی موت، درجنوں زخمی

آندھرا پردیش کے مندر میں بھگدڑ، 10 عقیدت مندوں کی موت، درجنوں زخمی

آندھرا پردیش کے سریکا کلم ضلع کے کاشی بگا میں واقع سری وینکٹیشورا سوامی مندر میں ہفتہ کو اکادشی کے موقع پر زبردست بھگدڑ مچ گئی۔ اس واقعے میں 10 افراد کی موت ہوگئی جبکہ دو درجن سے زیادہ عقیدتمند زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق کارتک کے مہینے میں بڑی تعداد میں عقیدت مند درشن کے لیے مندر پہنچے ہیں۔ عقیدت مندوں کا ہجوم اتنا بڑھ گیا کہ مقامی انتظامیہ اور مندر انتظامیہ صورتحال پر قابو نہیں رکھ سکے۔ بھیڑ کی وجہ سے اچانک دھکا مکی شروع ہوگئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران لوگ ایک دوسرے کے اوپر گرنے لگے جس سے موقع پرافراتفری پھیل گئی اور زیادہ تر لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو وینکٹیشورا سوامی مندر میں اکادشی کے موقع پر عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ مندر کے احاطے کے داخلی دروازے کے قریب اچانک بھیڑ بڑھ گئی جس سے لوگوں میں افرا تفری پھیل گئی اور بھگدڑ کے حالات پیدا ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کے فوری بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی اوربچاؤ کام شروع کیا۔ وزیراعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے اس المناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاشی بگا کے وینکٹیشور مندر میں بھگدڑ انتہائی افسوسناک ہے۔ جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا ہے۔ میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر راحت اور بحالی کی کوششوں کی نگرانی کریں۔ ریاستی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ سینئر پولیس اور انتظامی اہلکار جائے وقوعہ پرموجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments