مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملہ  فارینسک سائنس لیباریٹری سے آرٹیکل عدالت میں واپس نہ آنے پر جج برہم وکیل استٖغاثہ اور این آئی اے افسران کو حکم دیا کہ کالینہ لیباریٹری سے جانچ کے لیئے گئی اشیاء کو عدالت میں پیش کیاجائے

ممبئی7 دسمبر
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں آج یہاں خصوصی این آئی اے جج نے فارینسک سائنس لیباریٹری سے جانچ کے لیئے بھیجے گئے آرٹیکل عدالت میں واپس نہ آنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل استٖغاثہ اور این آئی اے افسران کو حکم دیا کہ کالینہ لیباریٹری سے جانچ کے لیئے گئی اشیاء کو عدالت میں پیش کیاجائے تاکہ اس سے منسلک گواہوں کو عدالت میں گواہی کے لیئے طلب کیا جاسکے۔
آج عدالت میں گواہی کے لیئے استغاثہ نے ایک گواہ کو پیش کیا تھا لیکن اس کی گواہی سے قبل ہی اس بات کا انکشاف ہوا کہ ملزم سدھاکر اوم پرکاش چترویدی کی گرفتاری کے وقت گواہ بطور پنچ موجود تھا نیز ملزم کے قبضہ سے اے ٹی ایس نے کچھ چیزیں ضبط کی تھی جسے سال 2016 میں ممبئی کے کالینہ علاقے میں واقع فارینسک سائنس لیباریٹری FSL میں اسے جانچ کے لیئے بھیجا گیا تھا جو ابھی تک واپس نہیں ا ٓیا ہے لہذا گواہ کی گواہی عدالت میں شروع نہیں کی جاسکتی ہے۔
وکیل استغاثہ کی جانب سے متذکرہ عذر پیش کرنے پر خصوصی این آئی اے جج پی آر سٹرے نے برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ چار سال کا عرصہ گذر جانے کے باجود کالینہ FSL سے آرٹیکل واپس نہ آنا مضحکہ خیز بات ہے کیونکہ اس طرح کے حساس معاملات میں آرٹیکل کو جلداز جلد جانچ کے بعد واپس بھیجنے کا حکم ہائی کورٹ نے دیا ہے۔
خصوصی جج نے وکیل استغاثہ اویناس رسال اور این آئی اے افسران کو حکم دیا کہ وہ کالینہ FSL سے رجوع ہوکر آرٹیکل کو واپس طلب کریں۔عدالت نے استغاثہ کو حکم دیا کہ وہ 9 دسمبر کو عدالت میں کسی دوسرے سرکاری گواہ کو پیش کرے۔
آج عدالت میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی غیر موجودگی میں اس کے وکلاء جے پی مشراء اورپرشانت مگو موجود تھے جبکہ ملزمین کرنل پروہت، سمیر کلکرنی بھی موجود تھے۔ بم دھماکہ متاثرین کی جانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم(جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی) موجود تھے۔
ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین پرگیہ سنگھ ٹھاکر، رمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ میں گواہوں کے بیانات کا اندراج کررہی ہے، ابتک 140 گواہوں کی گواہی عمل میں ا ٓچکی ہے اور عدالتی کارروائی روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔