تیجسوی پر قتل کا الزام سیاسی سازش،معاملے کی ہو سی بی آئی جانچ:شیوآنند

پٹنہ،05 اکتوبر بہار کے سابق وزیر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما شیو آنند تیواری نے پورنیا میں دلت آرجے ڈی لیڈر کے قتل کے معاملے میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو کے خلاف درج مقدمے کو سیاسی سازش بتاتے ہوئے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر تیواری نے پیر کو یہاں کہا کہ پورنیا ضلع کے والمیکی سماج کے ایک لیڈر کے ہوئے قتل کی آرجے ڈی شدید مذمت کرتی ہے۔ اس معاملے میں مقتول کے کنبے کے لوگوں نے اپوزیشن کے لیڈر اور ان کے برے بھائی پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے جو ایف آئی آر درج کرائی ہے وہ پوری طرح سے غلط ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی الیکشن ہونے کی وجہ سے شدید سیاسی سازش کے تحت اپوزیشن لیڈر اور ان کے بڑے بھائی کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔
آر جے ڈی لیڈر نے کہاکہ وزیراعلی نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے اس معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔وہ مسٹر سنگھ کے اس بیان کو وزیراعلی کی پارٹی کا سرکاری بیان مان رہے ہیں اور جے ڈی یو کے اس مطالبے کی حمایت بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی کا بھی وزیراعلی سے مطالبہ ہے کہ حکومت فوراً اس معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی سفارش کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔