اورنگ آباد: آتشزدگی میں کئی گھر جل کر راکھ ، تین بچوں کی جھلس کر موت

اورنگ آباد 20 اپریل  بہار کے اورنگ آباد ضلع میں اوبرا بلاک کے نونیر گاﺅں میں آج دو پہر خوفناک آگ لگ جانے سے قریب بارہ گھر جل کر راکھ ہوگئے اور اس واقعے میں تین بچے کی جھلس کر موت ہوگئی ۔
داﺅد نگر کی سب ڈویژنل افسر کماری انوپما سنگھ نے منگل کو نونیر گاﺅں میں لگی آگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس واقعے میں کئی گھر جل کر راکھ ہوگئے وہیں تین بچوں کی جھلس کر موت ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور ابھی راحت اور بچاﺅ کاکام چل رہاہے ۔ آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکاہے ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اوبرا کے سرکل افسر اور تھانہ صدر موقع پر پہنچ گئے ہیں اور ضروری تفتیش کر رہے ہیں۔ اس میں ایک بچے کی لاش برآمد کرلی گئی ہے اور دو دیگر کی لاش باہر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

( یواین آئی )