چنسورہ میں جے شری رام نہ بولنے پر امام کی پٹائی

کلکتہ 15اپریل  ہگلی ضلع کے چنسورہ میں ایک مسجد کے امام کے’’جے شری رام‘‘ نہ بولنے کی وجہ سے مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
چک بازرا میں واقع مسجد کے امام محمد صبیح الدین فجر کی نماز کےلئے مسجد جارہے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار تین افراد نے انھیں روک لیا اور ان سے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگانے کو کہا تو انہوں نے انکار کردیا۔اس کے بعد بدمعاشوں نے انہیں تھپڑ مارا اور انہیں سڑک پر پھینک دیا۔ بعد میں صبیح الدین نے چنسورہ پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ۔ چندن نگر پولس کمشنریٹ نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ کی جارہی ہے ۔
پولس آفیسر نے کہا کہ اس معاملے میں ملزمین کی سی سی ٹی کے فوٹیج کی مدد سے شناخت کی جارہی ہے۔10اپریل کو پولنگ ہونے کے بعد بھی ہگلی میں فرقہ وارانہ ماحول بنا ہوا ہے۔

(یو این آئی)