کسان تحریک کوختم کرنےوالےسب سے بڑےسماج مخالف:اکھلیش

میرٹھ:23مارچ سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے آج کہا کہ جو بھی کسانوں کی تحریک کو ختم کرنا چاہتے ہیں وہ سماج کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
مسٹر یادو نے ضلع میرٹھ کی تحصیل موانا میں مخدوم پور شاہراہ پر واقع نواب گنج کسان ڈگری کالج میں دھن سنگھ کوتوالی کی مورتی کی نقاب کشائی کے بعد عوامی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسان صرف ہمارا پیٹ نہیں بھرتا بلکہ ہمیں کپڑے بھی پہناتا ہے۔ انہیںکسانوں کو بی جے پی حکومت دہشت گرد بتارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کودھان کا ایم ایس پی نہیں مل پایا ہے اور اترپردیش میں چار سال سے بی جے پی کی حکومت رہی ہے لیکن ابھی تک کسانوں کو گنا بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کا کسان رونے لگے، نوجوانوں کے پاس کام نہ ہو تو وہ ملک عالمی طاقت بننا تو دور بہت پیچھے چلا جائے گا۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ ایک تجارت کرنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کیسے ہندوستان آکر حکومت بن گئی ۔جو لڑائی اس وقت چلائی گئی تھی اس کی آج بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں یہی نظام جاری وساری رہا توملک پھر سے غلام بن جائے گا۔

(یواین آئی)