کورونا انفیکشن سے جان گنوانے والے ریلوے اہلکاروں کے گھروالوں کی مکمل طورپر مدد کی جائے گی: گوئل

نئی دہلی،19 مارچ  ریلوے کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوال کے دوران بتایا کہ کورونا وائرس (کووڈ 19) انفیکشن کی وجہ سے آنجہانی ریلوے اہلکاروں کے گھروالوں کی مکمل طورپر مدد کی جارہی ہے ۔
مسٹر گوئل نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں بتایا کہ کورونا کے دور میں فرض کو ادا کرتے ہوئے 700 ریلوے اہلکاروں نے جان گنوائی ہے جنہیں ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے مطابق مدد مہیا کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے اہلکاروں کےلئے مکمل طبی سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں۔ ریلوے اہلکاروں کو ترجیح کی بنیاد پر کورونا ویکسین لگانے کا انتظام کیا جارہا ہے۔
مسٹر گوئل نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں بتایا کہ قلیوں کو ریلوے میں نوکری دینا مناسب نہیں ہوگا۔ انہیں نوکری دینے میں کئی عملی دقتیں ہیں۔ سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو کے دورمیں کچھ قلیوں کو نوکریاں دی گئیں تھیں،جس کا تجربہ ٹھیک نہیں رہا۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ قلیوں کےلئے بہتر سہولیات مہیا کرانے میں پوری حساست کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ان کے لئے بیت الخلا اور دیگر سہولیات دینے کی سمت میں کئی کام کئے جارہے ہیں اور آگے بھی ان کی ضرورتوں کے مطابق انہیں سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

(یواین آئی)