بھاگلپور میں پولیس تصادم میں دو بدمعاش مارے گئے ، چار گرفتار

بھاگلپور 17 مارچ  بہار میں بھاگلپور ضلع کے ایکچاری تھانہ علاقہ میں بدھ کی صبح پولیس اور بدمعاشوں کے مابین تصادم میں دو بدمعاش مارے گئے اور چار بدمعاشوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔
بھاگلپور زون کے ڈپٹی پولیس انسپکٹر جنرل سجیت کمار نے یہاں بتایاکہ اطلاع ملی تھی کہ رانی دیارا کے نزدیک کچھ بدمعاش فصل لوٹ منصوبہ کو انجام دینے کے ارادے سے جمع ہوئے ہیں۔ اسی بنیاد پر ایس ٹی ایف اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور سے چھاپے ماری کی ۔ پولیس کو دیکھتے ہی بدمعاشوںنے فائرنگ شروع کر دی ۔ اس کے بعد پولیس کی جانب سے بھی جوابی کاروائی کی گئی ، جس میں دو بدمعاش مارے گئے ۔ متوفی دونوں بدمعاشوں نے بھاگلپور ، نوگچھیا اور کٹیہار ضلع کے دیارا علاقے میں دہشت مچا رکھا تھا ۔ وہ لوگ فصل لوٹ کے علاوہ کسانوں سے رنگداری بھی وصولتے تھے ۔
مسٹر کمار نے بتایاکہ متوفی بدمعاشوں کی شناخت 50 ہزار کا انعامی چندر شیکھر کاپری اور منوہر منڈل کے طور پر کی گئی ہے ۔ موقع سے پولیس نے چار بدمعاش جگموہن منڈل ، جے کانت منڈل ، چندریکا منڈل اور گنیش منڈل کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس نے ان کے پاس سے چار رائفل ، ایک بندوق، ایک دیسی کٹا اور 63 کارتوس برآمد کئے ہیں۔ گرفتار بدمعاشوں سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھاگلپور کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اسپتال بھیج دی گئی ہیں۔

(یواین آئی )