کلاس روم میں طلبہ کی موجودگی میں شوہر کا قاتلانہ حملہ۔ ٹیچربیوی شدید زخمی

حیدرآباد27فروری( سرکاری اسکول کی ایک ٹیچر پر اس کے شوہر نے قاتلانہ حملہ کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا۔یہ واردات اے پی کے مغربی گوداوری ضلع کے ایراگاورم گاوں میں پیش آئی۔پولیس نے بتایاکہ نارائن پور دیہات کی رہنے والی ناگالکشمی کی شادی 2016میں درگاپرساد سے ہوئی تھی۔ان کو ایک تین سالہ بیٹی بھی ہے۔کچھ دنوں سے شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے۔ناگالکشمی کا تبادلہ گذشتہ ماہ کی 16تاریخ کو سنگوڈین پیٹ کے ایم پی پی اسکول میں ہوا۔اس کا شوہر درگا پرساد اسکول پہنچا اور صدر مدرس سے کہا کہ وہ اس کی بیوی سے ملنے کے لئے آیا ہے جس پر صدرمدرس نے کہاکہ اس کی بیوی کلاس روم میں ہے جس پر وہ کلاس روم پہنچا اور طلبہ کی موجودگی میں اس کے بال پکڑکر چاقو سے اس پر پے درپے وارکرتے ہوئے اس کو شدید طورپر زخمی کردیا۔طلبہ کی چیخ وپکار سن کر صدر مدرس وہاں پہنچا جس نے فوری طورپر اس خصوص میں پولیس کو اطلاع دی۔ بعد ازاں پولیس وہاں پہنچی۔مقامی افراد نے ناگالکشمی کو علاج کے لئے فوری طورپر سرکاری اسپتال لے جایا تاہم اس کو بہتر علاج کے لئے تناکو کے سرکاری اسپتال منتقل کردیاگیا۔درگاپرساد کے خلاف جہیز ہراسانی کا ایک معاملہ پہلے ہی سے درج ہے۔اس حملہ کے بعد وہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔پولیس نے اس سلسلہ میں اقدام قتل کا ایک معاملہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کردی۔

یواین آئی)