پٹرول ۔ ڈیژل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج میں تیجسوی سائیکل سے پہنچے اسمبلی

پٹنہ 26 فروری  پٹرول ۔ ڈیژل کی بڑھتی قیمتوں کی مخالفت میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرسا دیادوسائیکل سے اسمبلی پہنچے ۔
مسٹر یادو دس سرکلر روڈ واقع مسز رابڑی دیوی کی رہائش سے سائیکل پر سوار ہوکر اسمبلی کیلئے نکلے ۔ ان کے پیچھے ان کی سیکوریٹی میں شامل گاڑیاں بھی چل رہی تھیں۔ جبکہ کچھ سیکوریٹی اہلکار پیدل ان کے آگے آگے دوڑ رہے تھے ۔
اسمبلی پہنچنے پر مسٹر یادو نے احاطہ میں موجود نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ پٹرول اور ڈیژل کے ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے عام لوگ بیحد پریشان ہیں ۔ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی بیحد مشکل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے لوگ جب اپوزیشن میں تھے تب گانا گاتے تھے کہ مہنگائی ڈائن کھائے جات ہے لیکن آج بی جے پی کے لیڈر بڑھتی مہنگائی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
مسٹر یادو اس سے قبل بھی مہنگائی اور کسانوں کے مسئلے پر اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے ٹریکٹر سے اسمبلی پہنچے تھے ۔ حالانکہ انہیں اس وقت سیکوریٹی اہلکاروں نے اسمبلی کے مین گیٹ پر ہی روک دیا تھا۔

( یواین آئی )