جیل بھجوانے پر خاتون پر حملہ کرنے والا شخص گرفتار

 حیدرآباد3 فروری جیل بھجوانے پر رہائی کے بعد پولیس سے اس سلسلہ میں شکایت کرنے والی شادی شدہ خاتون پر کلہاڑی سے حملہ کرکے فرار شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔اس کی شناخت عبداللہ پورمیٹ کے رہنے والے راہل کے طورپر کی گئی ہے۔اس کو پولیس نے بدھ کی صبح گرفتار کرلیاجس نے پیر کی شام حیدرآباد کے نواحی علاقہ گُرم گوڑہ میں اس خاتون پرکلہاڑی سے حملہ کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔تفصیلات کے مطابق راہل،اس خاتون سے چھیڑ خانی کررہا تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے اس کے خلاف پولیس سے شکایت کی تھی جس پر پولیس نے اس کے خلاف نربھئے ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرتے ہوئے اس کو گرفتارکرلیا تھا۔جیل سے رہائی کے بعد راہل نے انتقامی کارروائی کے طورپر کلہاڑی سے اس پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجہ میں خاتون شدید طورپر زخمی ہوگئی تھی۔اسے علاج کے لئے اسپتال منتقل کیاگیا تھا۔پولیس نے ملزم کی تلاش کے لئے چارٹیمیں تشکیل دی تھی اور آج اس کو گرفتار کرنے میں پولیس کو کامیابی ملی۔(یواین آئی)