عازمین حج کیلئے انکم ٹیکس کے ادخال کے لزوم کو ختم کیا جائے گا

 حیدرآباد، 21/ جنوری آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے وفد کو مرکزی وزیر اقلیتی امور جناب مختار عباس نقوس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وقف ایکٹ میں ترمیمات کے سلسلہ میں کونسل نے جو تجاویز پیش کی گئی ہیں ان پر مثبت غور کرتے ہوئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سال حج پر جانے والوں کے لئے مرکزی حکومت نے انکم ٹیکس داخل کرنے کا جو لزوم عائد کیا ہے اسے ختم کرنے کا بہت جلد اعلان کردیا جائے گا۔ دیوان اجمیر شریف حضرت مولانا سید زین العابدین علی خان سجادہ نشین بارگاہ حضرت غریب نوازؒ وسرپرست کونسل‘ مولانا سید نصیر الدین چشتی جانشین دیوان صاحب و صدرنشین کونسل کی قیادت میں ملک بھر کی اہم درگاہوں اور خانقاہوں کے سجادگان و ذمہ داران کے ایک وفد کو مرکزی وزیر اقلیتی امور جناب مختار عباس نقوی نے اپنی قیام گاہ پر ملاقات کے دوران یہ یقین دہانی کروائی۔ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ و ترقی کے لئے قوانین میں ترمیمات‘ وقف بورڈس کی تشکیل میں سجادگان کو نمائندگی فراہم کرنے‘ درگاہ حضرت خواجہ صاحب ؒ ایکٹ میں موجودہ دور کے اعتبار سے ترمیمات کرنے‘ درگاہوں اور خانقاہوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے جیسے امور پر جناب مختار عباس نقوی کو تفصیلی نمائندگیاں پیش کی گئیں‘ جس پر مرکزی وزیر نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ مولانا سید نصیر الدین چشتی صدرنشین کونسل نے کہا کہ دنیابھر بالخصوص ہندوستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں صوفیاء کرام اور درگاہوں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ ملک کی تقریبا تمام درگاہیں قومی یکجہتی کی بہترین مثالیں پیش کرتی ہیں۔ امن ومحبت کے پیام کو مزید آگے بڑھانے اور اولیائے کرام کی تعلیمات کے فروغ کے مقصد کے تحت درگاہوں اور خانقاہوں کومستحکم کرنے کے مشن کے تحت آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نے ملک بھر میں اس کی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے اور تقریبا بارگاہوں اور خانقاہوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کونسل کی سرگرمیوں پر پسندیدگی کی اظہار کیا۔ اس موقع پر کونسل کی جانب سے ملک بھر میں قومی مہم برائے امن و استحکام و ہر طرح کی بنیاد پرستی کے خلاف تیار شدہ کتاب کی رسم اجراء بھی انجام دی۔ اجلاس میں نئی دہلی‘ راجستھان‘ اترپردیش‘ گجرات‘ تلنگانہ‘ اے پی‘ کرناٹک اور دیگر مقامات کی درگاہوں کے سجادگان شریک تھے۔ مولانا سید عبدالقادر قادری وحید پاشاہ نیشنل کوآرڈنیٹر کونسل نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا۔

(یواین آئی)