تھوڑی سی احتیاط تدابیر سے زندگی بچائی جاسکتی ہے:یوگی

 لکھنؤ، 21 جنوری  اتر پردیش میں روڈ سیفٹی ماہ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ کچھ احتیاطی تدابیر کی وجہ سے سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو روکا جاسکتا ہے۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ روڈ ٹریفک کے لئے بنائے گئے قوانین پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف ہم اپنی جان کی حفاظت کرسکتے ہیں بلکہ اپنے اہل خانہ کی خوشی کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔روزانہ بڑی تعداد میں لوگ سڑک حادثوں میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اس سے بچا جاسکتا ہے ، تھوڑی سی احتیاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 20 فروری تک ہر ضلع میں مستقل پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ ، محکمہ صحت کے علاوہ اسکول اور کالج روڈ ٹریفک سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے پروگراموں کا انعقاد کریں گے۔ عوام کو سڑک حادثوں کے وجوہات کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے سڑک حادثوں کی روک تھام کے لئےگزشتہ ساڑھے تین برسوں میں متعدد اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجے میں 2018- 19 اور 2020 کے اعداد و شمار کے درمیان واضح فرق دکھائی دیتا ہے لیکن ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے سڑکوں کی تعمیر سے وابستہ تمام اداروں ، چاہے وہ محکمہ پبلک ورکس یا نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ہوں کو ان وجوہات کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

(یواین آئی)