کشمیر: بی جے پی کی طرف سے انجینئر اعجاز حسین نے پہلی جیت درج کی

سری نگر، 22 دسمبر (یو این آئی) وادی کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ڈی ڈی سی کی ایک نشست پر پہلی جیت درج کرکے کشمیر میں اپنا کھاتہ کھولا۔
بی جے پی کی طرف سے پارٹی کی یوتھ ونگ کے قومی نائب صدر اور انچارج مغربی بنگال انجینئر اعجاز حسین نے ضلع سری نگر کی کھنموہ دوم ڈی ڈی سی انتخابی حلقے سے جیت درج کی۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’میں لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے ان کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ میری جیت علاقائی پارٹیوں کے لئے یہ پیغام ہے کہ لوگ یہاں ترقی چاہتے ہیں۔
دریں اثنا بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے انجینئر اعجاز حسین کی جیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیر میں کنول کا پہلا پھول کھلا ہے، انجینئر اعجاز حسین نے کھنموہ دوم سری نگر کشمیر کے ڈی ڈی انتخابی حلقے سے بھاری ووٹوں سے جیت درج کی ہے‘۔
بی جے پی کے ایک اور سینئر لیڈر رام مادھو نے بھی انجنیئر اعجاز حسین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ڈی ڈی سی انتخابات میں بالہمامہ سری نگر میں بی جے پی کی پہلی جیت حاصل کرنے پر پارٹی کی یوتھ ونگ کے نائب صدر اور انچارج مغربی بنگال انجینئر اعجاز حسین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں‘۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں منگل کی صبح سے ہی پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات کی ووٹ شماری کا عمل سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ جاری ہے۔
بی جے پی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا دعویٰ ہے کہ کشمیر میں بی جے پی کے حمایت یافتہ تیس سے چالیس آزاد امیدوار اپنی اپنی نشستوں پر جیت درج کریں گے۔(یو این آئی)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔