جنسی ہراسانی کے ملزم کا منھ کالا

بدایوں:30دسمبر:  اترپردیش کے ضلع بدایوں کے کوتوالی بسولی علاقے کے ایک گاؤں میں منگل کی دیر رات کو جنسی ہراسانی کے الزام میں ایک ادھیڑ عمر شخص کا منھ کالا کر کے اسے گدھے پر بٹھا کر پورے گاؤں میں گھمایا گیا اور اس پورے عمل کی ویڈیو گرافی کر کے اسے وائرل کردیا گیا۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے آج دو افراد کو حراست میں لے کر جانچ شروع کی ہے۔ مقامی افراد کے مطابق بسولی کوتوالی علاقے کے ایک گاؤں میں منگل کی دیر رات گاؤں کا ہی رہنے والا ایک ادھیڑ عمر شخص ایک خاتوں کے گھر میں گھس گیا اور کنبے والوں سے نظر بچاتے ہوئے خاتون کے کمرے تک جا پہنچا اور اس سے چھیڑ چھاڑ کی۔ خاتون کے شور مچانے پر اہل خانہ نے اسے گرفتار کرلیا اور اس کی جم کر پٹائی کی۔اور اس کا منھ کالا کر کے گدھے پربٹھا کر رات میں ہی اسے پورے گاؤں میں گھمایا گیا اور ویڈیو بناکر اسے وائرل کردیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنکلپ شرما نے کہا کہ حادثے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے دو افراد کو حراست میں لیا ہے۔ گرفتار افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 323،504،506،اور 452کے تحت کاروائی کی گئی ہے۔ حالانکہ ابھی تک کسی بھی فریق کی جانب سے کوئی تحریری شکایت نہیں ملی ہے۔(یواین آئی)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔